نیوزی لینڈ کی ٹیم کو پاکستان میں بھر پور سیکورٹی دی گئی ، ٹیم نے پنڈی سٹیڈیم میں 3 دن پریکٹس بھی کی ؛ وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین

13

اسلام آباد،22ستمبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہنیوزی  لینڈ     کی ٹیم   کو  پاکستان   میں  بھر پور  سیکورٹی  دی   گئی  ، ٹیم  نے پنڈی  سٹیڈیم  میں  3 دن  پریکٹس    بھی کی۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ11 ستمبر کو نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم پاکستان کے دورہ پر پہنچ جاتی ہے جبکہ ٹی ٹوینٹی کے ممبرز 12 ستمبر کو پاکستان پہنچتے ہیں۔ انہیں وزارت داخلہ کی طرف سے بھرپور سکیورٹی فراہم کی گئی، ان کا پورا پروگرام جاری کیا گیا، دو ہیلی کاپٹر سیکورٹی پر لگائے گئے، پریکٹس سیشن بھی ہوئے۔ 13 ستمبر کو نیوزی لینڈ کی ٹیم سیرینا ہوٹل سے راولپنڈی اسٹیڈیم پہنچی، وہاں پاکستان کرکٹ ٹیم بھی موجود تھی، دونوں ٹیموں نے پریکٹس سیشن کیا، نیوزی لینڈ کے سکیورٹی اداروں اور ہمارے تمام سکیورٹی اداروں نے بھی ان تھریٹس کو فیک قرار دیا۔ 13 ستمبر کو سہ پہر چار بجے سے شام ساڑھے سات بجے تک راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پریکٹس سیشن ہوا، کوئی تھریٹ الرٹ رپورٹ نہیں ہوا، ٹیمیں وہاں سے واپس آئیں، اگلے دن پھر ٹیم واپس اسٹیڈیم میں گئی، پھر تین گھنٹے پریکٹس ہوئی، اس سے اگلے روز چھٹی تھی اور پھر میچ سے ایک دن پہلے پریکٹس سیشن ہوا اور کسی قسم کا کوئی تھریٹ نہیں تھا۔ انہوں نے بتایا کہ میچ سے قبل 17 ستمبر کو نیوزی لینڈ کی ٹیم نے خواہش ظاہر کی کہ ہم یہ دورہ اپنی حکومت کی ہدایت پر منسوخ کر رہے ہیں۔ اس کے بعد وزارت داخلہ کی سکیورٹی ٹیم، پی سی بی کی ٹیم اور اسلام آباد انتظامیہ اور ایجنسیوں کے لوگ ان کے پاس گئے اور ان سے درخواست کی کہ آپ کو تھریٹ ہے تو وہ ہم سے شیئر کریں۔ نیوزی لینڈ کی سکیورٹی ٹیم بھی یہاں موجود تھی، وہ بھی ہمارے لوگوں کی طرح تھریٹ سے نابلد تھی۔