اسلام آباد، 29 ستمبر (اے پی پی ): ورلڈ ہارٹ ڈے کے موقع پردنیابھر کی طرح پاکستان کے دارلخلافہ اسلام آباد میں پاکستان نیشنل ہارٹ ایسوسی ایشن (پناہ)کے زیر انتظام واک کااہتمام کیاگیا،جس کے مہمان خصوصی پاکستان میں عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)کے منتظم Dr Palitha Gunarathna Mahipala اورچیئرمین سویٹ ہومز خان زمرد خان تھے۔
“ورلڈ ہارٹ ڈی” کا رواں سال میں خیالیہ “USE HEART TO CONNECT”ہے،واک کامقصدوطن عزیز سمیت دنیابھر میں رہنے والوں کویہ پیغام دیناہے کہ دل جسم کامضبوط ترین عضو ہے،جس کی حفاظت کیے بنا،زندگی کاحصول ممکن نہیں،لہذا اسکی حفاظت کریں اورایسے عوامل کوزندگی سے ترک کردیں جودل کوبیماریوں کی وجہ بن رہے ہیں۔
واک کے شرکاء کاکہناتھاکہ صحت مند دل کے بنازندگی ممکن نہیں، ورلڈ ہارٹ فیڈریشن کے مطابق دل کی بیماری دنیا کا نمبر ون قاتل ہے، جس کے نتیجے میں سالانہ 18.6 ملین اموات ہوتی ہیں،دل کے امراض پیداہونے کی اہم وجوہات میں تمباکو نوشی،میٹھے مشروبات(ایس ایس بی) کاکثرت سے استعمال، ذیابیطس، ہائی بلڈ پریشر اور موٹاپاشامل ہیں،دنیابھرمیں 520 ملین افراد دل کے امراض کے ساتھ زندگی بسرکررہے ہیں،دل کاعلاج نہایت مہنگاہے،اس کی روک تھام کے لئے ضروری ہے کہ ایسے عوامل کوزندگی سے ترک کیاجائے جودل کے امراض کی وجہ بن رہے ہیں۔
مقررین نے کہا کہ بین الاقوامی ادارہ صحت (ڈبلیوایچ او)سمیت دنیا بھر کی تحقیقات ہمیں بتاتی ہیں کہ کسی چیز کی کھپت کوکم کرنے کے لئے ٹیکس ایک موثر ہتھیار ہے،دل کے امراض پرقابوپانے کے لئے ضروری ہے کہ میٹھے مشروبات،تمباکو،کوعوام اوربالخصوص اپنی نوجوان نسل کی پہنچ سے دوررکھنے کے لئے ان پرٹیکس نافذکیاجائے۔
واک میں چیئرپرسن تحسین فواد وممبران نیشن ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (این ڈی او)نوید عباسی، جنرل سیکریٹری اسلام آباد نیشنل پریس کلب انور رضا،ڈبلیوایچ او،مسلم لیگ (ن)،پاکستان پیپلزپارٹی،جماعت اسلامی،منہاج القرآن،زہر ہ انسٹیٹیویٹ،نجات ٹرسٹ،فاطمہ ٹرسٹ کے منتظمین،قاسم سکول سسٹم،الائیڈ سکول سسٹم کے اساتذہ،طلبا،سول سوسائٹی کے نمائندگان،صحافیوں ودیگرافراد نے کثیر تعداد نے شرکت کی۔