وزیراعظم عمران خان کا بیانیہ عوام کے دلوں کی ترجمانی کرتا ہے؛ وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین

12

جہلم،25ستمبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے  کہ  عمران خان نے ہمیشہ پاکستان کے عوام کے دلوں کی ترجمانی کی، جن لوگوں کو جیلسی ہے وہ اگلے پانچ سال بھی روتے ہوئے گزاریں گے، ہم نے عوام سے کئے ہوئے تمام وعدے پورے کئے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ہمیشہ پاکستان کے عوام کے دلوں کی ترجمانی کی ہے۔ افغانستان کا مسئلہ ہو یا یا کشمیر کا، غریب ملکوں سے لوٹی گئی دولت امیر ممالک کو منتقلی کا معاملہ ہو یا ماحول کا، وزیراعظم عمران خان نے ہر سطح پر پاکستان کے ہر فرد کے دل کی ترجمانی کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران جس طرح کشمیر کا معاملہ اقوام متحدہ کے سامنے رکھا، نریندر مودی کو للکارا، ایسا پاکستان میں پہلے کبھی نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ممبئی واقعات میں الزام لگا کہ ایک پاکستانی ان حملوں میں ملوث ہے، اس شخص کا کسی سیکورٹی ایجنسی اور فوج سے کوئی تعلق نہیں تھا لیکن عالمگیر سطح پر پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا مہم شروع کی گئی۔

 چوہدری فواد حسین نے کہا کہ بلوچستان میں جب کلبھوشن یادیو کو گرفتار کیا گیا تو نواز شریف نے اس پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ایسے لوگ حکمران رہ چکے ہیں جن میں کبھی اپنے پائوں سے آگے دیکھنے کی صلاحیت ہی نہیں۔ انہوں نے قومی دولت لوٹنے، نریندر مودی کو شادیوں پر بلانے کے علاوہ کبھی کوئی تعمیری کام نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج نواز شریف اور اشرف غنی ایک جیسی زندگی گذار رہے ہیں، ایک دبئی میں اور دوسرا لندن میں مفرور ہے۔ جو لوگ اپنی مٹی کے ساتھ جڑے نہ ہوں تو اس طرح کی زندگی گزارنا ان کا مقدر ہوتی ہے، نواز شریف اور اشرف غنی دونوں ڈالروں کے بیگ بھر کر بیرون ملک فرار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ان لوگوں کے لئے سبق ہے جو سیاست تو کرتے ہیں لیکن اپنی زمین سے جڑے نہیں ہوتے، اس طرح کے لوگوں کا حشر ہمارے سامنے ہے۔