وزیراعظم عمران خان ہمیشہ قرضہ لے کر سڑکیں بنانے کے مخالف رہے، موجودہ دور کے تمام پراجیکٹ سرمایہ کاری سے بن رہے ہیں؛وفاقی وزیر مراد سعید

10

اسلام آباد،26ستمبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید نے اتوار کو یہاں پی آئی ڈی میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے  کہا ہے کہ  مسلم لیگ (ن) نے اپنے دور حکومت میں قرضے لیکر موٹر ویز کی تعمیر پر زیادہ اخراجات کئے ۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومت نے موٹر ویز کی تعمیر پر اربوں روپے کا نقصان کیا۔

 وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان قرضے لیکر موٹر ویز کی تعمیر کے خلاف تھے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے موٹرویز کے منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنا کر بہت بڑی رقم بچائی ہے، اس وقت تمام نئی ہائی ویز اور موٹر ویز بی او ٹی بنیاد پر تعمیر کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت ٹھیکوں میں کمیشن اور رشوت کے خلاف تھی اور اس حوالہ سے شفافیت کو یقینی بنایا گیا ہے اور وزارت کی ویب سائٹ پر تمام ٹھیکوں کی تفصیلات موجود ہیں۔