وزیر اعظم کی زیر صدارت نیشنل اینٹی نارکوٹکس کونسل کا اجلاس ،معاشرے میں منشیات خصوصاً نوجوان نسل کے حوالے سے منشیات کے رجحان پر انتہائی تشویش ہے، عمران خان

15

اسلام آباد۔6ستمبر  (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے معاشرے میں منشیات  خصوصاً  نوجوان نسل  کے حوالے سے منشیات کے رجحان پر انتہائی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ منشیات سے نوجوان نسل کے مستقبل کو شدید خطرات لاحق ہیں، انسداد منشیات کی موجودہ کوششیں اور اقدامات ناکافی ہیں۔پیر کو وزیر اعظم کی زیر صدارت نیشنل اینٹی نارکوٹکس کونسل  کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں وفاقی وزراء بشمول وزیر مواصلات مراد سعید ، وزیر تعلیم شفقت محمود ، وزیر خزانہ شوکت فیاض ترین ، وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین ، وزیر قانون ڈاکٹر فروغ نسیم ، وزیر براۓ بحری امور سید علی حیدر زیدی ، وزیر نارکوٹکس کنٹرول بریگیڈیئر (ر) اعجاز احمد شاہ ، وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری ،  اور وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان نے سمیت  وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار ، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ،  وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید ، وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی  اور ڈی جی اے این ایف میجر جنرل غلام شبیر اور  متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ وزیراعظم عمران خان نے معاشرے میں منشیات  خصوصاً  نوجوان نسل  کے حوالے سے منشیات کے رجحان پر انتہائی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ منشیات سے نوجوان نسل کے مستقبل کو شدید خطرات لاحق ہیں۔  انہوں نے کہا کہ منشیات کےحوالے سے سامنے آنے والے اعدادوشمار اس امر کو ظاہر کرتے ہیں کہ انسدادِ منشیات کی موجودہ کوششیں اور اقدامات ناکافی ہیں۔  اجلاس میں موجود شرکاء کا اس بات پر مکمل اتفاق تھا کہ انسدادِ منشیات کے حوالے سے وفاق اور صوبائی حکومت کو مل کر اور منظم طریقے سے کام کرنا ہوگا۔  وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ  منشیات کے ناسور سے نمٹنے کے لیے موجودہ اینٹی نارکوٹکس قوانین کا جائزہ لیا جائے تاکہ ان قوانین کی عمل داری کو مزید موثر بنایا جا سکے۔وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ منشیات کی پیداوار  کی روک تھام، خرید وفرخت اور استعمال پر موثر طریقے سے قابو پانے کے لئے جامع اور مربوط حکمت عملی مرتب کی جائے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ انسداد منشیات کے حوالے سے جہاں جدید ٹیکنالوجی کو برؤے کار لایا جائے گا وہاں سکولوں کالجوں کی سطح پر اس  ناسور کی روک تھام اور حوصلہ شکنی کے لئے اقدامات کیے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ منشیات سے متاثرہ افراد کی بحالی کے لئے ماڈل ٹریٹمنٹ سنٹرز کا قیام بھی حکمت عملی کا حصہ ہوں گے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ منشیات کے خلاف  جامع حکمت عملی کی تشکیل اور متعلقہ وفاقی و صوبائی اداروں میں کوارڈینیشن  کے لئے اینٹی نارکوٹکس فورس سرکردہ ادارے کے طور پر کام کرے گی۔