وہاڑی ، 04اگست (اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر آفس وہاڑی کے کمیٹی روم میں ڈسٹرکٹ کوارڈنیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا،اجلاس کی صدارت ممبر قومی اسمبلی اوررنگ زیب خان کھچی، ڈپٹی کمشنر مبین الہی اور ایم پی اے و صوبائی پارلیمانی سیکرٹری رائے ظہور احمد کھرل نے کی۔ اجلاس میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت اور دیگر معاملات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وہاڑی سے دیپال پور اور وہاڑی سے ملتان سڑک کو دو رویہ کرنے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی
ممبر قومی اسمبلی اورنگ زیب خان کھچی نے اس موقع پر کہا کہ ملتان دہلی روڈ کی دو رویہ بننے سے پورے علاقے میں ترقی کا نیا سفر شروع ہو گا، لوگوں کو بہترین سفری سہولیات میسر آئیں گی اور حادثات میں کمی ہو گی، موجودہ حکومت ضلع وہاڑی کی ترقی و خوشحالی اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں پر اربوں روپے خرچ کئے جا رہے ہیں، ترقیاتی کاموں سے علاقے کی محرومیوں کا خاتمہ ہو گا اور عوام کو بہترین سہولیات کی فراہمی ممکن ہو گی۔
ڈپٹی کمشنر مبین الہی نے اس موقع پر کہا کہ ضلع بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے، ترقیاتی کاموں کی بروقت تکمیل اولین ترجیح ہے جس کیلئے تمام محکمے کوشاں ہیں ترقیاتی کام جلداز جلد مکمل کرنے کیلئے تمام سرکاری وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، عوام ترقیاتی کاموں سے جلد مستفید ہو گی۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں میں شفافیت اور معیار پر خصو صی توجہ دی جار ہی ہے، ترقیاتی کاموں کی نگرانی کا عمل بھی جاری ہے، اس حوالے سے کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔
انہوں نے کہاکہ ملتان دیپال پور روڈ کو دو رویہ کرنے کے پراجیکٹ پر جلد کام کا آغاز ہو جائے گا، ملتان دیپال پور روڈ کو دورویہ کرنے کا پراجیکٹ دو سال میں مکمل ہو گا، افسران اپنی محکموں کی تمام ترقیاتی سکیموں کا دورہ کریں۔
ڈپٹی کمشنر مبین الہی نے کہا کہ یونیورسٹی آف ایجو کیشن کے سامنے 18ایکٹر پر اربن فاریسٹ لگایا جا رہا ہے، اربن فاریسٹ میں 16اقسام کے 15ہزار پودے لگائے جا رہے ہیں، اربن فاریسٹ سے ماحول خوشگوار اور صاف ستھرا ہو گا اربن فاریسٹ میں گرین بیلٹ، جاگنگ ٹریکس بنائے جا رہے ہیں۔
ایم پی اے و صوبائی پارلیمانی سیکرٹری رائے ظہور احمد کھرل نے اس موقع پر کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی ہے ،متعلقہ محکمے ترقیاتی کاموں پر بھر پور توجہ دیں ترقیاتی کام بروقت مکمل ہونے سے عوام کو ریلیف ملے گا، ترقیاتی کاموں کے معیار کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں میں کسی قسم کی غفلت اور ناقص میٹریل کا استعمال برداشت نہیں کیا جائے گا تمام محکمے اپنی کار کر دگی کو بہتر بنائیں۔
ممبر ڈی سی سی زاہد اقبال چوہدری نے اس موقع پر کہا کہ ترقیاتی کاموں کی رفتار کو مزید تیز کرنے کی ضرورت ہے، جلد ترقیاتی کام مکمل کر کے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے تمام ادارے کام کریں۔ ممبر ڈی سی سی نور خان بھابھہ نے کہا کہ شہروں میں سے تجاوزات کے خاتمے کو یقینی بنایا جائے، دکانداروں کو پابند کیا جائے کہ وہ اپنا سامان اپنی دکانوں میں رکھیں، شہروں میں صفائی ستھرائی پر بھی خصو صی توجہ دی جائے اور ضلع وہاڑی کے مشہور کھلاڑیوں وقار یونس،سلیم شیروانی اور دیگر کے مجسمے لگائے جانے چاہیں، وہاڑی کے کھلاڑیوں نے پاکستان کا دنیا بھر میں نام روشن کیا ہے۔ ممبر ڈی سی سی عبدالرؤف چوہدری نے کہا کہ اشیاء خوردونوش کی کوالٹی اور وزن پر خصو صی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔











