اسلام آباد ،20 ستمبر(اے پی پی ): پاکستان سے افغانستان کو اشیائے خورد و نوش کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے ،300 ٹن خوردنی اشیاء کے 17 ٹر ک تورخم بارڈر پر افغان حکام کے حوالے کر دئیے گئے ۔
پاک افغان تعاون فورم (پی اے سی ایف) کے چیئرمین حبیب اللہ خان خٹک نے کہا ہے کہ پاکستان سے افغانستان کو اشیائے خورد و نوش کی فراہمی کیلئے 300 ٹن خوردنی اشیاءسے لدے 17 ٹر ک تورخم بارڈر پر افغان حکام کے حوالے کئے گئے ہیں جبکہ پاک افغان تعاون فورم (پی اے سی ایف) نے انسانی بنیادوں پر امداد کے طور پر حکومت پاکستان کی طرف سے ٹرک روانہ کئے۔
پاک افغان تعاون فورم (پی اے سی ایف) کے چیئرمین حبیب اللہ خان خٹک نے پاک افغان بارڈر طورخم پر پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ افغان ہمارے مسلمان بھائی اور پڑوسی ہے، جن کے ساتھ ہمارا صدیوں پرانارشتہ قائم ہے، 40 سال طویل جنگ نے افغانستان کی معیشت ، زراعت اور انتظامی بنیادی ڈھانچے کو تباہ کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی امدادی اداروں کے اچانک انخلا نے پوری آبادی کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے سال خشک سالی نے پریشانیوں میں اضافہ کیا ہے جسکے باعث انسانی بحران کا سامنا ہے اگر اس پر فوری اور موثر طریقے سے توجہ نہ دی گئی تو یہ انسانی تباہی کا باعث بنے گا۔
چیئرمین پاک افغان تعاون فورم نے کہا کہ پاک افغان تعاون فورم ایک ٹرسٹ ہے جو ضرورت کی اس گھڑی میں افغان شہریوں کی مدد کے لیے قائم کیا گیا ہے، ہمارا مقصد افغانستان کے لوگوں کو خوراک ، ادویات اور کھانے کی اشیاءکی صورت میں فوری انسانی امداد فراہم کرنا ہے۔
حبیب اللہ خان خٹک نے کہا کہ ہمارا مقصد انہیں اپنے پیروں پر کھڑے ہونے اور اپنے وطن کو ایک پرامن ، مستحکم اور عالمی برادری کا ذمہ دار رکن بنانے میں مدد دینا ہے،ہماری سرگرمیاں انسانی امداد کو مربوط کرنے تک محدود نہیں،ضرورت مند لوگوں کے لیے ضروریات کی خریداری ،سہولیات کی فراہمی، ذخیرہ اور انکے نقل و حمل سرگرمیوں میں شامل افغانستان کی تعمیرنومیں معاون ثابت ہونےوالے امدادی اداروں کےساتھ تنظیمی اورانفرادی سطح پر بات چیت کرناترجیحات میں شامل ہے۔
حبیب اللہ خان خٹک نے کہا کہ ہم نے مخیر حضرات اور حکومت پاکستان کی مدد سے سی 130 جہاز کے ذریعے 32 ٹن آٹا ، چھ ٹن کوکنگ آئل ، دو ٹن ادویات کا انتظام کیا ہے، 300 ٹن خوردنی اشیاءسے لدے 17 ٹرکوں کا امدادی قافلہ آج افغانستان بھیج رہے ہیں، اس میں 65 ٹن چینی ، تین ٹن دالیں ، 190 ٹن آٹا ، 11 ٹن کوکنگ آئل اور 31 ٹن چاول شامل ہیں۔
چیئرمین پاک افغان تعاون فورم نے کہا کہ آنے والے دنوں میں تعلیم ، صحت اور معاشی لحاظ سے بھی تعاون مزید بڑھے گا، یہ پیکج افغانستان کے عوام کے لیے واضح پیغام ہے کہ پاکستانی عوام اور حکومت انہیں کبھی اکیلانہیں چھوڑیں گے، یہ دنیا کے لیے بھی ایک پیغام ہے کہ“ انتظار کرو اور دیکھو” کی پالیسی کے بجائے کمزور طبقات کی مدد کے لیے آگے آنا چاہیے۔
چیئرمین پاک افغان تعاون فورم نے کہا کہ تمام ساتھیوں ، تنظیموں اور حکومتی عہدیدارن کا شکریہ جنہوں نے اس تقریب کو ترتیب دینے میں مدد کی، پاکستان اور دنیا بھر کے تمام مخیر حضرات آگے آئیں اور اس انسانی بحران سے بچنے کے لیے فراخدلانہ عطیات دیں۔
جلال آباد میں پاکستان کے قونصل جنرل عابد اللہ اور ریجنل ہیلتھ منسٹرآف انڈسٹریزاینڈپرائیویٹ سیکٹر مولوی مبارز نے اشیاءخوردونوش سے بھرے ٹرک وصول کئے۔انہوں نے حکومت پاکستان اور پاک افغان تعاون فورم (پی اے سی ایف) کی جانب سے افغان عوام کی مدد پران کا شکریہ اداکیا۔