اسلام آباد،14ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ نے وزیراعظم کی کفایت شعاری مہم کے تحت چیئرمین سینیٹ، سپیکر قومی اسمبلی، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ، ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سمیت تمام اراکین اسمبلی کی تنخواہوں میں 10 فیصد ایڈہاک الائونس کی سمری مسترد کر دی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ کابینہ نے چیئرمین سینیٹ، سپیکر قومی اسمبلی، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ، ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی اور ممبران پارلیمنٹ کی بنیادی تنخواہوں میں 10 فیصد ایڈہاک ریلیف کی تجویز مسترد کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ اس بچت مہم کا حصہ ہے جو وزیراعظم پہلے دن سے نافذ کئے ہوئے ہیں جس کے نتیجے میں وزیراعظم ہائوس نے بہت بڑی بچت کی، قومی اسمبلی نے ایک ارب 54 کروڑ روپے بچت کر کے واپس کئے۔ کابینہ کے اجلاس میں سپیکر، چیئرمین سینیٹ اور دیگر اراکین اسمبلی کو 10 فیصد الائونس دینے کی تجویز دی گئی تھی، کابینہ نے کہا کہ یہ اس اصول کی خلاف ورزی ہے، ارباب اقتدار کو مثال دے کر ثابت کرنا چاہئے کہ وہ اس وقت تنخواہوں میں اضافہ نہیں دے رہے، معاشی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اس تجویز کو مسترد کیا گیا ہے۔