کورونا ویکسی نیشن کے جعلی سرٹیفکیٹس جاری کرنے والوں کے خلاف کاروائیوں کا آغاز کر دیا ، جعلی سرٹیفیکیٹ بنوانے والوں کو ٹریس کرنے کا مکمل ٹریکنگ سسٹم موجود ہے، ڈی جی ایف آئی اے

11

اسلام آباد۔27ستمبر  (اے پی پی):ڈائریکٹرجنرل  ایف آئی اے ثناءاللہ عباسی  نے کہا ہے کہ ایف آئی اے  نے کورونا کے جعلی سرٹیفکیٹس جاری کرنے والوں کے خلاف کاروائیوں کا آغاز کر دیا ہے۔ پیر کو نیشنل کمانڈاینڈ آپریشن سنٹر  (این سی او سی) میں میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ  ملک میں جاری کورونا  وائرس کی وباکی لہر کے دوران ان تمام لوگوں کے خلاف ایف آئی اے کاروائی کا آغاز کرنے جا رہا ہے جو کورونا ویکسی نیشن کے جعلی سرٹیفکیٹس بنا رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اس حوالے سے ان تمام شہریوں کی تفصیلات حاصل کر لی گئیں ہیں اس ضمن میں 41 ایسے افراد کو گرفتار کیا گیا ہے یہ افراد مجرمانہ فعل میں ملوث ہیں اور ملک و قوم کیلئے شرمندگی کا باعث ہیں۔ جو جعلی سرٹیفکیٹس بنا رہے ہیں۔اور ایسے تمام افراد کے جعلی سرٹیفکیٹس کو منسوخ کر دیا گیا ہے اور جن لوگوں نے جعلی سرٹیفکیٹس جاری کروائے ہیں ان کو  بھی ایف آئی اے طلب کر رہا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ ایف آئی اے کے پاس ایسے لوگوں کو ٹریس کرنے کا مکمل ٹریکنگ سسٹم موجود ہے۔انہوں نے بتایا کہ 75 ملین لوگوں کو ابھی تک ویکسین لگائی جا چکی ہے اور جعلی سرٹیفکیٹس والے افراد بہت کم ہے تاہم ایف آئی اے ایسے افراد کے خلاف کارروائی کرے گا۔انہوں نے قوم سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ تمام افراد قانونی طریقے سے ویکسی نیشن کا عمل مکمل کریں۔