آل پاکستان ٹرائیتھلون مقابلہ ، سہیل عامر نے گولڈ میڈل جیت لیا

34

راولپنڈی،17اکتوبر  (اے پی پی):آل پاکستان ٹرائیتھلون مقابلہ 2021 بہاولپور میں منعقد کیا گیا جس میں سہیل عامر نے بہترین اتھلیٹ کا اعزاز حاصل کیا ،انہیں  گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔ انہوں نے  1 گھنٹے 15 منٹ میں مقابلہ مکمل کیا۔

آزاد جموں و کشمیر (اے جے کے) اور گلگت بلتستان (جی بی) سمیت ملک کے تمام صوبوں کی نمائندگی کرنے والے 552 ٹرائتھلیٹس نے اس عظیم الشان ایونٹ میں حصہ لیا۔ مختلف سرکاری محکموں، پاک فوج ، سول آرمڈ فورسز،مختلف کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طلباء نے بھی یہ مقابلے دیکھے۔

اتوار کوانٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کی جانب سے  موصول ہونے والی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ٹرائیتھلون فیڈریشن اور ایتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کے پیشہ ور کھلاڑی بھی اس ایونٹ کا حصہ تھے۔رنر اپ کھلاڑی محمد بلال اور عامر عباس تھے جنہوں نے بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔

مقابلہ تین کھیلوں پر مشتمل ہے،جس میں 300 میٹر تیراکی، 20 کلومیٹر سائیکلنگ اور 10 کلومیٹر کراس کنٹری شامل تھی۔کور کمانڈر بہاولپور لیفٹیننٹ جنرل خالد ضیاء اور اولمپین شہباز سینئر مہمان خصوصی تھے۔کور کمانڈر نے جیتنے والے کھلاڑیوں میں میڈلز اور انعامات تقسیم کیے۔

 تقریب میں اولمپین ارشد ندیم ، ہاکی کوچ خواجہ جنید،کوہ پیما صائمہ بیگ،اولمپین باکسر اصغر چنگیزی سمیت قابل ذکر معززین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر پاکستان ٹرائی ایتھلیٹکس فیڈریشن ، ایتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان ، پاکستان سپورٹس بورڈ کے صدور بھی موجود تھے۔سندھ ، پنجاب ، بلوچستان ، خیبر پختونخواہ ، جی بی اور آزاد کشمیر کے ثقافتی مندوبین اور فلوٹس اس تقریب کی نمایاں خصوصیات تھے۔پاکستان پنجاب رینجرز نے تقریب کے دوران رائفل ڈرل کا شاندار مظاہرہ کیا۔