سکھر: مقامی اسکول میں شان رحمت ا للعالمین ﷺ کے سلسلے میں محفل میلادکا انعقاد

204

سکھر،17اکتوبر(اے پی پی ): ملک کے دیگر شہروں کی طرح سکھر میں ماہ ربیع الاول جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم شایان و شان طریقے سے منانے کا سلسلہ جاری ہے اور شہر کی مختلف مساجد، چوراہوں،شاہراوں پر گنبد خضرا کے پرچم کشائی کی جا رہی ہے ، اس سلسلے میں انڈس کمپس اسکول میں شان رحمت ا للعالمین صلی اللہ علیہ وسلم کے سلسلے میں ایک محفل میلادکا انعقاد ہوا،اس محفل کے مہمان خصوصی مفتی محمد نعمان حنفی تھے جبکہ مشہور نعت خواں راشد را شیخ نے اس محفل نعت میں خصوصی طور پر شرکت کی اور اسکول کے اساتذہ کرام اور بچوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ۔ اس موقع  پر بچوں نے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو اپنی خوبصورت آواز میں میں نعت کا ہدیہ بھی پیش کیا۔

مہمان خصوصی مفتی محمد نعمان حنفی نے محفل میلاد سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شان رحمت اللعالمین صلی اللہ علیہ وسلم کے ذکر اور یاد میں ہمیں  زندگی گزارنا چاہیے،ذکر خدا اور نبی پاک ﷺ کی تعلیمات پر عمل کرنے میں ہی ہماری عافیت ہے ،حضوراکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر مملکت پاکستان کو امن کا گہوارہ بنایا جاسکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حضورصلی اللہ علیہ وسلم کی محبت نجات کا ذریعہ ہے ، حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کی آمد سارے جہاں کے لئے باعث رحمت و برکت ہے، آپﷺ کی سنت پر عمل کرکے زندگی بسر کرنے میں ہی ہماری کامیابی ہے۔