عمران خان کی حکومت پانچ سال پورے کرے گی،پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں عالمی سطح پر اضافہ ہوا ہے؛وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید

31

اسلام آباد،17اکتوبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عمران خان کی حکومت پانچ سال پورے کرے گی،پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں عالمی سطح پر اضافہ ہوا ہے، حکومت کی پوری کوشش ہےکہ پٹرولیم مصنوعات پر عوام کو ریلیف دے،ڈاکٹر قدیر کو وزیر اعظم کی ہدایت پر مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا ہے،ان کی وصیت کے مطابق ان کی تدفین ایچ ایٹ قبرستان میں کی گئی،عمران خان کی خوش قسمتی ہے کہ انہیں نالائق اور نکھٹو اپوزیشن ملی ہے۔

اتوار کو معروف ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرنے کے بعد ان کی رہائش گاہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مریم نواز کی گزشتہ روز کی تقریر سے لفظ عمران خان نکال دیا جائے تو اس میں کچھ نہیں تھا، یہ صرف الٹی گردان تھی ،لندن میں بیٹھ کر خون کے آنسو رونے کی نواز شریف کو کوئی ضرورت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ  عمران  خان کہیں نہیں جارہے اللہ کے حکم اور نبی کریم ؐکے صدقے پانچ سال پورے کریں گے،آئندہ انتخابات کی تیاری کریں گے، فیصلہ عوام کریں گے۔

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ مہنگائی کا اعتراف ہے، ساری دنیا میں تیل اور خوردنی تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے،اس پر قابو پانے کے لئے پوری کوشش کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان قومی ہیرو تھے ان کی فیصل مسجد میں تدفین کے سارے انتظامات مکمل تھے، ان کی اہلیہ نے کہا کہ ڈاکٹر قدیر کی وصیت تھی کہ ان کو ایچ ایٹ قبرستان میں سپردِ خاک کیا جائے۔وزیر اعظم کی ہدایت پر انہیں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ڈالر کی قدر میں اضافہ کے حوالے سے چار پانچ بڑی  ایکسچینج ایجنسیوں کا آڈٹ کروا رہے ہیں،24 لوگوں کو پکڑا ہے۔ڈالر کی افغانستان سمگلنگ اور افغانستان کے حالات بھی اس کی ایک وجہ تھے۔ایف آئی اے کو ہدایت کی ہےکہ اس سارے معاملے کی تحقیقات کریں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نالائق،نکھٹو،کم عقل اور معاملہ فہمی سے عاری ہے۔جب پورے خطے میں ہر طرف دہشت گردی کی لہر ہے ایسے میں خود  بلٹ پروف گاڑی میں بیٹھ کر لوگوں کو ساتھ دوڑانا کوئی دانشمندی نہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فیصل آبادجلسہ میں پاک فوج کے خلاف زبان، سیاسی ناپختگی اور غیر دانشمندانہ تھی ۔