اخلاقی اقدار کے بغیر انصاف اور جمہوریت کو دوام نہیں ، وزیراعظم عمران خان کا قومی رحمت للعالمین ۖ کانفرنس سے خطاب

35

اسلام آباد۔19اکتوبر  (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے  منگل کو قومی رحمت للعالمین ۖ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے  کہا کہ اخلاقی اقدار کے بغیر انصاف اور جمہوریت کو دوام نہیں۔ انہوں نے کہا کہ رسول پاکۖﷺ دنیا میں تلوار کے ذریعے نہیں بلکہ اپنی سوچ اور فکر سے انقلاب لائے تھے، ریاست مدینہ نہ صرف مسلمانوں بلکہ ہر مہذب معاشرے کیلئے مثالی نمونہ بنی، رسول پاکۖ نے معاشرے میں    اچھے برے کی تمیز رکھی اور اخلاقی معیار بلند کیا، ہمارے پیارے نبی ﷺ نے اپنی سیرت مبارکہ کے ذریعے انصاف کا درس دیا، مسلمان اعلیٰ اخلاقیات، ایمانداری اور سچائی کے علمبردار تھے، عدل و انصاف اور قانون کی حکمرانی تھی، قانون سے کوئی بالاتر نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ وہی قوم قانون کی حکمرانی قائم کر سکتی ہے جو اعلیٰ اخلاق کی حامل ہو، اس ملک کو بنانا ری پبلک کہتے ہیں جہاں قانون نہ ہو، کمزور کو انصاف نہ ملے، بنانا ری پبلک میں جنگل کا قانون ہوتا ہے، بنانا ری پبلک وسائل کی کمی سے نہیں قانون و انصاف کی عدم فراہمی کے باعث بنتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلند اخلاق اور انصاف پسند ممالک نے ترقی کی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست مدینہ فلاحی ریاست تھی، اس ریاست نے نچلے طبقہ کی ذمہ داری لی اور ان کو اوپر اٹھایا، جب ریاست لوگوں کی بنیادی ضروریات پوری کرتی ہے تو لوگ جڑ جاتے ہیں، انسانیت اور انصاف سے قوم مضبوط ہوتی ہے۔