طاقتور پر قانون لاگو نہ ہو تو ملک تباہی کا شکار ہو جاتے ہیں ، وزیراعظم عمران خان کا قومی رحمت للعالمین ۖ کانفرنس سے خطاب

27

اسلام آباد۔19اکتوبر  (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے  منگل کو قومی رحمت للعالمین ۖ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے  کہا کہ طاقتور پر قانون لاگو نہ ہو تو ملک تباہی کا شکار ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جاپان اور جرمنی تباہی کے باوجود 10 سال میں اپنے پائوں پر کھڑے ہو گئے، بیروت مشرق وسطیٰ کا پیرس تھا لیکن کرپشن کے باعث تباہ حالی کا شکار ہے۔ عمران خان نے کہا کہ پاکستان جیسے ممالک سے ہر سال ایک ہزار ارب ڈالر آف شور کمپنیوں میں جاتے ہیں، یہ ایسے ممالک ہیں جہاں قانون کی حکمرانی نہیں ہوتی، طاقتور پر قانون لاگو نہیں ہوتا۔ وزیراعظم نے کہا کہ انصاف کا نظام نہیں ہو گا تو خوشحالی نہیں آئے گی، جب لوگوں کو یقین ہو کہ انصاف کا بول بالا ہو گا تو وہ قوم بن کھڑے ہو جاتے ہیں، ہم نے اپنے نوجوانوں کیلئے درست سمت کا تعین کر دیا ہے۔