جو انسان رسول اللہ ﷺ کے نقش قدم پر چلا وہ سرخرو ہو گیا ، وزیراعظم عمران خان کا قومی رحمت للعالمین ۖ کانفرنس سے خطاب

34

اسلام آباد۔19اکتوبر  (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے  منگل کو قومی رحمت للعالمین ۖ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے  کہا کہ جو انسان رسول اللہ ﷺ کے نقش قدم پر چلا وہ سرخرو ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام نے خواتین کو ان کے حقوق دیئے، یورپ نے کئی سو سال بعد یہ حقوق خواتین کو دیئے، اسلام میں غلاموں کا معاشرے کا حصہ بنایا گیا، غلام بادشاہ بنے، غلاموں کو ایسا رتبہ دینے کی کوئی اور مثال نہیں ملتی، اسلام نے بزرگوں کا احترام سکھایا، پہلی بار ریاست مدینہ میں پنشن کا نظام شروع کیا گیا، حضرت بابا فرید گنج شکر، نظام الدین اولیاء سمیت دیگر بزرگان دین عاشق رسول تھے، لاکھوں لوگ ان بزرگان دین سے پیار کرتے ہیں، جس نے حضرت محمدﷺکے اسوۂ حسنہ کی پیروی کی وہ کامیاب ہوا۔ وزیراعظم نے کہا کہ اسلام کے باعث علم کا انقلاب آیا، مسلمانوں نے سائنس سمیت تمام شعبوں میں رہنمائی کی، بغداد اور قرطبہ علم کے مراکز بن گئے، حضرت محمد ۖ رحمت للعالمین ہیں، وہ سب انسانوں کیلئے رحمت بن کر آئے، مسلمان تعلیمات نبوی پر عمل کرکے کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔