بہاولپور،11اکتوبر(اے پی پی):اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب نے کہا ہے کہ بہاولپور کی اسلامیہ یونیورسٹی شمسی توانائی پر منتقل ہو جانے والی جنوبی پنجاب کی پہلی یونیورسٹی بن گئی ہے۔
یہ بات وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب نے آج یہاں اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی میں 2.5 میگاواٹ کا سولر پارک آپریشنل ہوچکا ہے جو کہ 9 ماہ کے ریکارڈ وقت میں 304 ملین روپے سے زائد کی لاگت سے مکمل ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی گرین انرجی کے استعمال سے سالانہ تقریباً 70 ملین روپے بچائے گی۔
وائس چانسلر نے بتایا کہ موجودہ شمسی پارک کی گنجائش بڑھانے کے علاوہ تمام کیمپس اور سب کیمپس کو شمسی توانائی میں تبدیل کرنے کا منصوبہ بھی بنا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ماحول کو بہتر بنانے کے لیے سولر پارک کی جگہ پر 8000 درخت لگائے جائیں گے۔
انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب نے بتایا کہ یونیورسٹی میں ٹرانسپورٹ کا سب سے بڑا نظام ہے جو تقریبا 60 کلومیٹر کے دائرے میں پھیلا ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دور دراز علاقوں میں رہنے والے طلباء بشمول احمد پور شرقیہ ، خانقاہ شریف ، مسافرخانہ ، یزمان ، خیرپور ٹامیوالی ، لال سوہنڑہ اور لودھراں کے طالب علم بغیر کسی اضافی قیمت کے بس سروس حاصل کر رہے ہیں۔