اسلام آباد:عید میلاد النبی کے حوالے سے جلوس کا اہتمام،پاکستان کے امن و سلامتی کیلئیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں

16

اسلام آباد،19 اکتوبر ( اےپی پی):وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے دیگر علاقوں کی طرح جناح گارڈن میں بھی حضور نبئ کریم   صلی اللہ علیہ وسلم  کے جشن ولادت کے سلسلے میں جلوس کا اہتمام کیا گیا۔ جلوس کی قیادت معززین علاقہ اور علمأ کرام نے کی۔ مرکزی جامع مسجد نور مصطفےٰ  صلی اللہ علیہ وسلم سے شروع ہونے والے جلوس میں اہلیان علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔  پیدل، موٹر سائیکل اور گاڑیوں میں سوار سبز جھنڈوں، جھنڈیوں اور بینرز کو اُٹھاۓ عاشقانِ رسول  صلی اللہ علیہ وسلم جناح گارڈن کے مُختلف راستوں پر نعتیں پڑھتے ہوۓ گذرے۔

جامع مسجد حسنین کریمین پہنچ کر مقررین نے  شرکأ جلوس سے خطاب کیا۔ علمأ کرام کا کہنا تھا  حضور صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت دینِ اسلام کی بنیاد ہے۔انہوں نے کہا کہ پُر فتن دور کی اس گھڑی میں والدین اپنے بچوں میں عشقِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی شمع روشن کریں اور سنت پر چلنے کی ترغیب دیں۔

جلوس مُختلف راستوں سے پُر امن طریقے سے گزرتا ہوا جامع مسجد نور مصطفےٰ صلی اللہ علیہ وسلم پہنچ کر اختتام پذیر ہوا جہاں اُمتِ مسلمہ بالخصوص پاکستان کے امن و سلامتی کیلئیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔