افغانستان کے ذریعے وسطی ایشیائی ریاستوں کو آپس میں ملانے سے پورے خطے میں ترقی و خوشحالی کا نیا دور شروع ہوگا؛ وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین

14

اسلام آباد،6اکتوبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ افغانستان کے ذریعے وسطی ایشیائی ریاستوں کو آپس میں ملانے سے پورے خطے میں ترقی و خوشحالی کا نیا دور شروع ہوگا، مستحکم اور پرامن افغانستان ایک دوسرے سے منسلک خوشحال اور معاشی طور پر متحرک خطے کے وژن کو عملی جامہ پہنانے میں مدد گار ثابت ہوگا۔

یہ بات انہوں نے بدھ کو یہاں ملاقات کے لئے آئے پاکستان میں قازقستان کے سفیر یرزہان کسٹافین سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان سے غیر ملکی شہریوں اور میڈیا کے لوگوں کے انخلاءمیں سہولت فراہم کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں اس بات کی نشاندہی کی کہ نیا معاشی سیکورٹی منصوبہ امن، ترقی شراکت داری کے مرکزی ستونوں پر مبنی ہے۔

 چوہدری فواد حسین نے کہا کہ کووڈ 19 کے حوالے سے پاکستان کے اقدامات کو دنیا بھر میں سراہا گیا ہے۔ حکومت پاکستان بروقت فیصلوں، سمارٹ لاک ڈائون کی حکمت عملی اور ایس او پیز کے موثر نفاذ کے ذریعے کورونا وباءپر قابو پانے میں کامیاب رہی۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) نے وباءسے نمٹنے کیلئے نمایاں کردار ادا کیا۔ انہوں نے سفیر کو بتایا کہ وباءکے بعد خودانحصاری پر توجہ دیتے ہوئے ہم نے ماسک اور وینٹی لیٹرز مقامی طور پر تیار کئے اور اب یہ بیرون دنیا برآمد کئے جا رہے ہیں۔

 ملاقات میں دونوں فریقین نے میڈیا اور انفارمیشن کے شعبوں میں تعاون کو مضبوط کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ قازقستان کے صدر کے دورہ پاکستان کے موقع پر دونوں ممالک کے سرکاری میڈیا اداروں کے مابین خبروں کے تبادلے کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوں گے۔

 وفاقی وزیر اطلاعات نے قازقستان کے سفیر کو پاکستانی ڈراموں اور فلموں کی فراہمی کی یقین دہانی بھی کرائی جنہیں قازقستان کی قومی زبان میں ڈبنگ کر کے قازقستان میں ٹیلی کاسٹ کیا جائے گا۔

قازقستان کے سفیر نے علاقائی روابط کے فروغ کے لئے وزیراعظم عمران خان کے وژن میں اپنے ملک کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں  نے افغانستان سے غیر ملکی شہریوں، سفارت کاروں اور عالمی میڈیا کے نمائندوں کے انخلاءکیلئے پاکستان کے کردار کو بھی سراہا۔

 دونوں جانب سے پاکستان اور قازقستان کے درمیان 24 فروری 2022ءکو سفارتی تعلقات کے قیام کے 30 سال مکمل ہونے پر پاک چائنہ فرینڈ شپ سینٹر میں تقریب کے انعقاد پر اتفاق کیا گیا۔