لاہور اکتوبر 14 (اے پی پی ): امریکی ناظم الامور انجیلا پی ایگلر نے آج یہاں مسجد وزیر خان اور ملحقہ چوک کا دورہ کیا اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے پاکستان کے ثقافتی ورثے اور تاریخی مقامات کی بحالی اور حفاظت کے لیے امریکہ اور پاکستان کی مشترکہ کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے بتایا کہ ایمبیسیڈر فنڈ فار کلچر پریزرویشن ( اےایف سی پی) کے ذریعے امریکا وسیع پیمانے پر ثقافتی ورثہ آثار قدیمہ اور مخطوطات کے تحفظ کے لیے معاونت فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسجد وزیر خان اور ملحقہ چوک کی بحالی کے لیے امریکی مشن٫ آغا خان فاؤنڈیشن اور والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی مل کر کام کر رہے ہیں اور اس پروجیکٹ کےلیے اب تک اے ایف سی پی 1.4 ملین ڈالرفراہم کرچکا ہے۔