توانائی  کے  ماحول دوست ذرائع  اپنانے  میں پاکستان  کامیابی  کے سفر پر گامزن  ہے ؛ وزیراعظم عمران خان

25

اسلام آباد،25اکتوبر  (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ توانائی  کے  ماحول دوست ذرائع  اپنانے  میں پاکستان  کامیابی  کے سفر پر گامزن  ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو مشرق وسطیٰ شاداب اقدام سربراہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان ماحولیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے10 ممالک میں شامل ہے۔ پاکستان میں گزشتہ 10سال کے دوران ڈیڑھ سوسے زائد شدید  موسمیاتی قدرتی آفات آئی ہیں جس سے 3.8ارب ڈالر کا نقصان ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے ۔ 2030تک پاکستان 60 فیصد قابل تجدید توانائی پر منتقل ہو جائے گا ۔ 30فیصد ٹرانسپورٹ الیکٹریکل وہیکل پر منتقل ہو جائے گی ۔

 انہوں نے کہاکہ ہم نے 24سو میگاواٹ کے کوئلے کے منصوبوں کو ختم کیا ہے اور ان کی جگہ 37سو میگاواٹ پن بجلی کے منصوبے شروع کیئے گئے ہیں ، اب ملک میں کوئلہ سے بجلی بنانے کا کوئی نیا منصوبہ شروع نہیں کیا جائے گا ۔ ہم  نے فطرت  پر مبنی حل  پر توجہ مرکوز کی اور اس سلسلے میں 10بلین ٹری سونامی منصوبے کا آغاز کیا گیا ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان واحد ملک ہے جہاں مینگروز اگائے جارہے ہیں 2023تک  تقریباً ایک ارب  مینگروز کے درخت لگائے جائیں گے ۔مینگروز کے درخت سب سے زیادہ کاربن ڈائی آکسائیڈ جذب کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔