تیل درآمد کنندہ ملک ہونے کی وجہ سے پاکستان میں افراط زر ہے، جلد قابو پالیں گے

22

اسلام آباد۔11اکتوبر  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان طویل عرصہ سے 40 لاکھ افغان پناہ گزینوں کی میزبانی کررہا ہے اور افغان عوام کو اسے ایک خیر سگالی کا معاملہ سمجھا جانا چاہیے۔ افغانستان کی حالیہ صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے افغانستان سے سفارت کاروں اور دیگر لوگوں کو نکالنے میں بھی بہت فعال اور مثبت کردار ادا کیا اوردنیا نے ہماری ان کوششوں کو تسلیم کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں مہنگائی بڑھ رہی ہے، پاکستان دنیا کا واحد ملک نہیں جسے اس چیلنج کا سامنا کرنا پڑرہاہے، مہنگائی اس لئے زیادہ ہے کیونکہ بین الاقوامی مارکیٹ میں اجناس اور تیل کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں لیکن اس کے باوجود حکومت سپلائی چین میکانزم اور بہتر نظم ونسق کے ذریعے خوراک کی قیمتوںکو کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات کرے گی۔ صدر مملکت نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان صحیح راستے پر ہے اور اس کا مستقبل روشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کورونا  وائرس کی وبا ، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور معیشت کی بحالی جیسے سنگین چیلنجز پر قابو پانے کے لیے بروقت اور درست اقدامات کئے اور  وبا کے باوجود گزشتہ مالی سال میں مجموعی قومی پیداوار کی شرح نمو چار فیصد کے قریب رہی۔ ڈاکٹرعارف علوی نے دبئی ایکسپو کو ایک شاندار ایونٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں ایک چیلنجنگ ماحول کے باوجود ایک کامیاب شو کی میزبانی کرنے کا تمام تر سہرا بصیرت مند قیادت کو جاتا ہے۔