جیلوں میں سیل اور بیرکوں میں ائیرکولر، ایگزاسٹ فین، ایل ای ڈی لائٹس اور اضافی پنکھے نصب کئے جائیں گے، وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدارنے

11

لاہور۔13اکتوبر  (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدارنے قیدیوں اورجیل عملے کیلئے 5ارب50کروڑ روپے کے خصوصی پریزن پیکیج کا اعلان کردیا ہے۔وزیراعلی عثمان بزدارنے سینٹرل جیل کوٹ لکھپت میں قیدیوں اورجیل عملے کیلئے خصوصی پیکیج کااعلان کرتے ہوئے کہا کہ1894کے 127سالہ پرانے جیل قوانین، قواعد اور روایات کو تبدیل کیا جائے گا۔ قیدیوں کیلئے انسانی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔قیدیوں کو قابل نفرت بنانے کی بجائے معاشرے کا مفید شہری بنانے پر توجہ دی جائے گی۔قیدی قابل نفرت نہیں ہوتے،صرف جرم قابل نفرت ہوتاہے۔قیدی انسان ہیں اورانسان قابل صلاح ہوتا ہے۔قیدیوں کو معاشرے کا کار آمد شہری بنانے پر توجہ دیں گے۔وزیراعلی عثمان بزدارنے عید میلادالنبی کی مناسبت سے قیدیوں کی سزامیں 60 یوم کی عام معافی کا اعلان کیا اورکہا کہ قیدیوں کو میٹرس، کمبل اور تکیہ رکھنے کی اجازت ہوگی۔ سخت سردی کے موسم میں اسیران کے لئے تمام جیلوں میں گیزر نصب کئے جائیں گے۔جیلوں میں ایل سی ڈی ٹی وی پر کیبل نیٹ ورک کے ذریعے نیوز اور انٹرٹینمنٹ چینل دکھائے جائیں گے۔ میں نے آج جیل میں کیبل نیٹ ورک سسٹم کا افتتاح کیا ہے۔جیلوں میں سیل اور بیرکوں میں ائیرکولر، ایگزاسٹ فین، ایل ای ڈی لائٹس اور اضافی پنکھے نصب کئے جائیں گے تاکہ قیدیو ں کو موسم کی سختی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔