حضور اکرم ﷺ نے ریاست مدینہ کی بنیاد عدل و انصاف، معاشرے کے کمزور طبقات کی فلاح و بہبود اور میرٹ کی حکمرانی پر رکھی؛ وزیرِ اعظم عمران خان

7

اسلام آباد،15اکتوبر  (اے پی پی):وزیرِ اعظم عمران خان  نے کہا ہے کہ حضور اکرم ﷺ نے ریاست مدینہ کی بنیاد عدل و انصاف، معاشرے کے کمزور طبقات کی فلاح و بہبود اور میرٹ کی حکمرانی پر رکھی، نوجوانوں کو جنسی جرائم اور منشیات جیسی اخلاقی برائیوں سے بچانے کے لئے سیرت طیبہ کے سنہری اصولوں  کی روشنی میں ان کی کردار سازی بہت ضروری ہے۔

 جمعہ کو وزیراعظم سے ڈاکٹر صاحبزادہ ساجد الرحمان نے ملاقات کی۔  اس موقع پر  وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ رواں سال ملک میں 12ربیع الاول بھرپور مذہبی عقیدت و احترام اور جوش و خروش سے منایا جائےگا، اس موقع پر نوجوان نسل کو ریاست مدینہ اور سیرت طیبہ کے رہنما اصولوں سے روشناس کرانے پر بھرپور توجہ دی جائے، حضور اکرم ﷺ نے ریاست مدینہ کی بنیاد عدل و انصاف، معاشرے کے کمزور طبقات کی فلاح و بہبود اور میرٹ کی حکمرانی پر رکھی،آپ ﷺ نے لوگوں کی کردار سازی پر خصوصی توجہ دی۔

وزیراعظم نے کہا کہ  آج انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کے دور میں نوجوان نسل جنسی جرائم اور منشیات جیسی برائیوں سے بری طرح متاثر ہو رہی ہے، نوجوانوں کو ان اخلاقی برائیوں سے بچانے کے لئے سیرت طیبہ کے سنہری اصولوں  کی روشنی میں ان کی کردار سازی بہت ضروری ہے، اس مقصد کے حصول کے لئے حکومت نے رحمۃ للعالمین اتھارٹی قائم کی ہے جس میں سیرت طیبہ پر اعلی شہرت کے حامل  سکالرز نوجوانوں کی کردار سازی کے لئے رہنمائی کریں گے۔

 وزیراعظم نے کہا کہ یہ اتھارٹی تحقیق کر کے نوجوانوں کو بتائےگی وہ کون سے عوامل تھے جن کی وجہ سےمحض 13برس کی قلیل مدت میں (623-636) مسلمان قیصر و کسری کی عظیم سلطنتوں کو زیرکر کے 150,000 مربع کلومیٹر زمین پر حکمرانی کرنے لگے۔