کامیاب جوان ہنر مند پروگرام سے آئی ٹی درآمدات میں اضافہ ہو گا؛ وزیر مملکت فرخ حبیب

19

اسلام آباد، 15 اکتوبر (اے پی پی ): وزیر مملکت اطلاعات ونشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ کامیاب جوان ہنر مند پروگرام سے آئی ٹی درآمدات میں اضافہ ہو گا، کامیاب جوان پروگرام کے تحت نوجوانوں کو روز گار اور ہنر کے مواقع فراہم کرنے کے لئے اب تک 28ارب کے قرض جاری کیے جاچکے ہیں ، ماضی کی حکومت لیپ ٹاپ اور ییلو ٹیکسی جیسی سکیموں کے ذریعے نوجوانوں کو خریدنے کی ناکام کوشش کرتی رہی ، کامیاب جوان پروگرام سے استفادہ اور ہنر حاصل کرنے والوں کو ساری زندگی فائدہ پہنچتا رہے گا ۔

 وہ جمعہ کو یہاں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔ وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ   وزیراعظم  کامیاب جوان پروگرام کے تحت مختلف پروگرام نوجوانوں کے لئے چل رہے ہیں،کامیاب جوان لون پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو  کسی خاص کام میں تجربے کو عملی جامہ پہنانے کے لئے موقع دیاجارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 28 ارب کے قرض نوجوانوں کو فراہم کیے گئے ہیں، کامیاب جوان سکل فار آل پروگرام کا آغاز کیا گیا، 10 ارب روپے اس پروگرام کے لئے مختص کیے گئے ہیں، تمام صوبوں میں سکالرشپ فراہم کی گئیں، مزید ایک لاکھ سکالر شپ دیں گے، نوجوانوں کے ہنر کے 100 سے زائد پروگرامات متعارف کرائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 26ہزار نوجوانوں کا پہلا بیچ تربیت حاصل کرکے اپنا کاروبار شروع کر چکا ہے، ہمارا فوکس آئی ٹی کی ایکسپورٹس کو بڑھانا ہے، اس سال کے ٹارگٹ سے بھی آگے جائیں گے۔