ملتان،03اکتوبر(اے پی پی): صوبائی وزیرتوانائی ڈاکٹراخترملک نے کہاہے کہ کوروناکے باعث پوری دنیا مہنگائی کی لپیٹ میں ہے، حکومت مہنگائی کوکنٹرول کرنے کے تمام اقدامات کررہی ہے اورہم جلد مہنگائی سے باہرنکل آئیں گے۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے یونین کونسل 113ایم آر 21میں ترقیاتی کاموں کاافتتاح کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ہماری حکومت عوام کو سہولیات دینے کی ہرممکن کوشش میں لگی ہے، پنجاب میں کسانوں کوکارڈ دینے کاسلسلہ شروع ہوچکاہے، پانچ لاکھ کسان کارڈ وصول کرچکے ہیں ،اگلے دوماہ میں پورے پنجاب کے کسانوں کوکارڈ مل جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ کاشتکار جتنے اس حکومت میں خوشحال ہوئے ہیں اس سے پہلے ان کے بارے میں ایسے اقدامات نہیں کئے گئے جو پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے کئے۔
صوبائی وزیرتوانائی ڈاکٹراخترملک نے کہا کہ
31دسمبرتک پنجاب کی عوام کوصحت کارڈ بھی دے دیئے جائیں گے، حکومت مہنگائی کے متبادل کے طور پرعوام کوبہت سے ریلیف دے رہی ہے،صحت کارڈ ان میں سے ایک ہے۔ انہوں نے کہاکہ دوکروڑ کی لاگت سے گلیوں کی تعمیرومرمت کاکام جاری ہے، اس یونین کونسل کی عوام کادرینہ مطالبہ بھی پوراکیاجارہاہے، اس یونین کونسل میں پینے کاپانی کڑوہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کودورسے پانی پینے کیلئے لاناپڑتاتھا، اب یہاں صاف پانی کی سپلائی کیلئے پلانٹ لگایاجارہاہے جس کاٹینڈراسی ماہ ہوگا،میری کوشش ہے یہاں کی عوام کوتمام سہولیات دے سکوں۔
اس موقع پرچیئرمین خان ممتاز خان،راؤ عامراقبال،شوکت حسین، چوہدری شبیر،ملک جاوید آرائیں،ملک عامراعوان،راناعمران شمشاد،ملک عبدالرؤف اورحق نواز سمیت دیگرہمراہ تھے۔