حکومت پنجاب کی ہدایت پر سرکاری ریونیو واجبات کی ریکوری کیلئے تمام ریونیو افسران فوری اقدامات کریں؛کمشنر ملتان کی ہدایت

24

ملتان، 23اکتوبر (اے پی پی): کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر سرکاری ریونیو واجبات کی ریکوری کیلئے تمام ریونیو افسران فوری اقدامات کریں اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنرز ریونیو افسران کیلئے مختص اہداف کی تکمیل یقینی بنائیں، سرکاری نادھندگان کی جائیدادیں بلاک کرکے ضبط کی جائیں۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے  ڈویژنل ریونیو افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں سمیت ڈپٹی کمشنرز خانیوال،وہاڑی اور لودھراں بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز نے اپنے اضلاع میں ریونیو ریکوری پر بریفنگ دی۔

کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد نے  کہا کہ ڈپٹی کمشنرز اور ریونیو افسران اپنے دفاتر میں زیر التواء عدالتی کیسز جلد نمٹائیں تاکہ عوام کو ریلیف دیا جاسکے۔انہوں نے الٹی میٹم دیا کہ کارکردگی بہتر نہ کرنے والے ریونیو افسران کی قانونگوئی کینسل کی جائیں گی اور سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اراضی ریکارڈ سنٹرز اور ریونیو افسران کی کارکردگی پر کڑی نظر ہے، ہر صورت ضلع ملتان کو صوبے بھر میں نمایاں پوزیشن پر لائیں گے۔انہوں نے کہا کہ سرکاری اراضیوں پر قبضہ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔

بعد ازاں اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز سمیت ریونیو افسران نے کارکردگی پر بریفنگ بھی دی۔