بہاولنگر، 25 اکتوبر (اے پی پی ) :حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلع بہاولنگر میں بھی کرونا ویکسنیشن کی خصوصی مہم سہولت آپ کی دہلیز تک کا آغاز کر دیا گیا ہے جس کاافتتاح ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم نے ڈسٹرکٹ ہستپال بہاولنگر کے ویکسینیشن سینٹر میں کیا. اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر اسفند یار ، ایم ایس ڈی ایچ کیو ڈاکٹر چوہدری عثمان اسلم بھی انکے ہمراہ تھے ڈپٹی کمشنر نے کورونا ویکسنیشن کے امور کا جائزہ لیا. انہوں نے ہدایت کی کہ کورونا کی خصوصی مہم کامیابی سے ہمکنار کی جائے اس سلسلہ میں تمام متعلقہ محکمے اپنا کلیدی کردار ادا کریں. اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر اسفند یار نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی جانب سےخصوصی مہم ” کورونا ویکسین سہولت ہر دہلیز تک” کا آغاز کردیا گیا ہے ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت اور دیگر محکمے کے افسران و سٹاف فیلڈ میں فعال ہیں.کورونا وباء سے مکمل چھٹکارے کا واحد حل ویکسین مکمل کروانا ہے۔ حکومت پنجاب نے خصوصی ویکسینیشن مراکز قائم کر کے مفت ویکسین کی سہولت فراہم کررہی ہے اور اب دور دراز دیہات اور محلہ جات کے باسیوں کی سہولت کے لئے 25 اکتوبر تا 12 نومبر خصوصی مہم چلا رہی ہے جس کے دوران ٹیمیں ہر محلے اور گاؤں میں جا کر ویکسین لگانے کا اہتمام کررہی ہے.۔ عوام سے اس موقع سے فائدہ اٹھائیں اور اپنی ویکسین مکمل کروائیں تاکہ کورنا سے نجات حاصل ہو اور زندگی کی رونقیں بحال ہوں۔