اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ 27 اکتوبر 1947 ء کو بھارت نے ایک غیر قانونی مداخلت کے ذریعے جموں و کشمیر پر غیر قانونی طور پر قبضہ کیا۔ اُس دن کشمیری عوام کے خلاف بدترین ریاستی دہشت گردی اور ظلم و ستم کا شروع ہونے والا سلسلہ آج بھی جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوتوا نظریہ کے تحت بھارت کی فاشسٹ حکومت نے مسلمانوں اور دیگر اقلیتی برادریوں پر مظالم شروع کر رکھے ہیں۔ بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر کے آبادیاتی ڈھانچے کو تبدیل کرنے کیلئے یکطرفہ اقدامات غیر قانونی اور اقوام متحدہ کی متعدد قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہیں، ہم ان غیر قانونی اقدامات کو قبول نہیں کریں گے، پاکستان ہر پلیٹ فارم پر کشمیریوں کے جائز حق کے لئے آواز بلند کرتا رہے گا۔ صدر مملکت نے کہا کہ بھارت مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کے خلاف ظلم کر کے خود اپنی ریاست کے لئے قبر کھود رہا ہے، ہندوتوا بالادستی کے تحت رقم کی جانے والی بھارت کی تاریخ مزید سیاہ ہوگی۔ صدر عارف علوی نے بھارت کے جبر و استبداد کے باوجود کشمیری عوام کے بلند حوصلوں اور جد و جہد آزادی میں استقامت کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ دنیا نے کشمیریوں پر ہونے والے بھارتی مظالم پر آنکھیں بند کر رکھی ہیں، آج کشمیری عوام عالمی برادری سے انہیں ان کا حق خود ارادیت دینے کا وعدہ پورا کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارت کا غیر قانونی قبضہ ضرور ختم ہو گا اور کشمیر جلد آزاد ہو گا۔ پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑی ہے اور کھڑی رہے گی۔











