ربیع الاول کے ماہ مبارک کا آغاز ہو چکا ہے

28

اسلام آباد ،15 اکتوبر (اے پی پی )؛ماہ مبارک کی مناسبت سے ملک بھر میں نبی آخر الزماںﷺ  کی ولادت کا جشن منانے کی تیاریاں بھی زور و شور سے جاری ہیں،اس دن کو منانے کے لیے   عاشقان رسول ﷺ کا جوش و خروش دیدنی ہے۔جڑواں شہروں کے باسی بھی  جوش و خروش سے  میلاد النبی ﷺ کو منانے کی تیاریوں میں مشغول ہیں۔جہاں  نبی آخرالزماں ﷺ کی آمد کی خوشی میں  بازار سبز پرچموں  سے  رنگین ہیں ،وہیں  نعتوں کی گونج سے معطر ہوتی  فضا بھی ایک عجیب روحانی تسکین کا باعث ہے۔

ہر سمت اک کیف اک سرور کا سماں ہے، مساجد ،   گھروں ، سرکاری عمارات اور   گلی محلوں کو بھی   روشنیوں سے سجایا جا رہا ہے ۔

عشرہ رحمت اللعلمین ﷺکے سلسلے میں  قومی اور صوبائی  سطح پر خصوصی  پروگرام، محافل درود و نعت ، چراغاں اور جلوس کے پروگرام مرتب کر دیئے گئے ہیں۔اس موقع پر خصوصی نوافل، انفرادی اور اجتماعی عبادات کا اہتمام بھی کیا جائے گا ،جہاں ملک کی سلامتی اور امن کے لئیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا جائے گا۔