رحمت اللعالمین اتھارٹی کے مقاصدتحقیق اور تربیت ہوں گے، وزیراعظم عمران خان کا قومی رحمت للعالمین ۖ کانفرنس سے خطاب

165

اسلام آباد۔19اکتوبر  (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے  منگل کو قومی رحمت للعالمین ۖ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے  کہا کہ رحمت اللعالمین اتھارٹی  کے مقاصدتحقیق اور تربیت ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے لوگوں اور دنیا کو حضرت محمد خاتم النبین ۖﷺ کی حیات طیبہ اور تعلیمات سے آگاہ کرنے کیلئے رحمت اللعالمین اتھارٹی قائم کی، یہ اتھارٹی دنیا کو اسلامی انقلاب سے روشناس کرائے گی اور سیرت نبوی کے بارے میں نوجوانوں کی رہنمائی کر ے گی، قومی رحمت للعالمین اتھارٹی کا چیئرمین انتہائی تجربہ کار، ماہر اور اعلیٰ تعلیم یافتہ ہو گا، اتھارٹی کا مقصد نوجوانوں کو حضرت محمد ۖ کی سیرت طیبہ سے متعلق آگاہ کرنا ہے، یہ اتھارٹی بیرون ملک بھی روابط قائم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ   سکولوں میں 8ویں سے 10ویں تک سیرت النبی نصاب میں شامل کی گئی ہے، سکالرز کے ذریعے سکولوں میں اس کی مانیٹرنگ کی جائے گی، سیرت النبی سے متعلق مذہبی سکالرز کے ذریعے آگاہی پیدا کی جائے گی، ٹیلیویژن پر پروگرام ہوں گے، اس اتھارٹی کے تحت انٹرنیشنل سیل ہو گا جس کے ذریعے عالمی سطح پر اسلامو فوبیا کے خلاف اقدامات کئے جائیں گے۔