سکھر،04اکتوبر(اے پی پی ): ڈولفن مچھلیوں کی بڑی تعداد دریائے سندھ سے نکل کر نہر میں چلی گئی، محکمہ وائلڈ لائف کا ریسکیو آپریشن، نہر میں پھنس جانیوالی اندھی ڈولفن کو دریائے سندھ میں واپس چھوڑ دیا گیا۔دریائے سندھ میں پائی جانے والی نایاب نسل کی ڈولفن مچھلیاں خوراک کی تلاش میں دریائے سندھ سے نکل کردریا سے نکلنے والی نہرمیں چلی گئیں تھیں،محکمہ وائلڈ لائف کا اس سلسلہ میں ریسکیو آپریشن بھی جاری ہے۔
ایک ڈولفن مچھلی دریائے سندھ سے نکل کر نہر میں پھنس گئی تھی جسے نکال کر دریائے سندھ میں واپس چھوڑ دیا گیا،یہ ڈولفن مچھلی کھیر تھر کینال میں جاکر پھنس گئی تھی،علاقہ کے لوگوں سے اس ضمن میں اطلاع ملنے پر وائلڈ لائف کے عملہ نے پہنچ کر ریسکیو آپریشن شروع کرایا۔ وائلڈ لائف کے ڈپٹی کنزرویٹر عدنان حماد کے مطابق ڈولفن کو تین گھنٹے تک ریسکیو کے بعد دریائے سندھ میں چھوڑا دیا گیا،بلائنڈ ڈولفن کی عمر 9 ماہ اور وزن گیارہ کلو ہے۔