سکھر: محکمہ موٹر وے پولیس کی کامیابی کا راز بھی نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی دی گئی تعلیمات خوشی اخلاقی اورفرض شناسی جیسے اصول ہیں، ایس پی موٹر وے پولیس، جاوید اقبال چدھڑ

78

سکھر۔19اکتوبر(اے پی پی )موٹروے پولیس کی جانب سے پورے ملک کی طرح سکھر سیکٹر میں بھی عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے موقع پر تقریبات کا انعقاد کیا گیااس سلسلے میں مرکزی تقریب سیکٹر آ فس میں منعقد کی گئی، جس کے مہمان خصوصی منتظم دارالعلوم سکھر جناب مفتی ولی اللہ تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مفتی ولی اللہ نے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اس دنیا میں رحمت للعالمین بناکر بھیجے گئے،نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے والہانہ محبت،آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکردنیا اور آخرت میں کامیابی یقینی ہے۔

اس موقع پر ایس پی موٹر وے سکھر سیکٹر جاوید اقبال چدھڑ سمیت موٹر وے پولیس کے دیگر افسران نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت طیبہ پر روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا کہ محکمہ موٹر وے پولیس کی کامیابی کا راز بھی نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی دی گئی تعلیمات خوشی اخلاقی اورفرض شناسی جیسے اصول ہیں، جس کی بنیاد پر پاکستان ہی نہیں پوری دنیا میں موٹر وے پولیس کو عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، جس پر موٹر وے پولیس کے افسران و جوان فخر محسوس کرتے ہیں۔ جبکہ عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے حوالے سے موٹر وے پولیس کی جانب سے گمبٹ، خیرپور، پنوعاقل، ڈھرکی میں ریلیوں سمیت نعت خوانی کا بھی انعقاد کیا گیا، اس کے علاوہ سکھر شہر میں نکالی گئی مرکزی ریلی میں موٹر وے پولیس کے افسران و جوانوں نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم سے دلی محبت کا اظہار کیا۔