گلگت، 29اکتوبر (اے پی پی): وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے گلگت بلتستان میں پاک چین اقتصادی راہداری میں زراعت، سیاحت اور تجارت کو فروغ دینے کیلئے پارلیمنٹ کے کردار کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی میں انقلاب کا باعث بنے گا۔پارلیمانی کمیٹی برائے سی پیک وفاق میں گلگت بلتستان کی بھرپور نمائندگی کریگی۔شندور روڈ، پاک چین اقتصادی راہداری کا ایک اہم منصوبہ ہے۔چائنا پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ ایک گیم چینجر سے کم نہیں۔سی پیک گلگت بلتستان میں انقلاب لے کر آئے گا،سی پیک کے ثمرات گلگت بلتستان کے ہر فرد کو ملے گا،گلگت بلتستان کے لیے مجوزہ منصوبہ جات کے حوالے سے سی پیک کی کمیٹی سے حوصلہ افزا نشست ہوچکی۔
وزیر اعلیٰ خالد خورشید نے کہا کہ پارلیمانی کمیٹی برائے سی پیک نے ہماری تجاویز و آراء کو خوب سراہتے ہوئے اطمینان کا بھی اظہار کیا ہے۔گلگت بلتستان سے متعلق اسلام آباد ایک خصوصی نشست ہونے جارہی ہے۔اس نشست میں مجوزہ منصوبوں کو درپیش مشکلات کو دور کرنے کے لیے تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز اور محکموں کے نمائندے بھی شریک ہونگے۔سی پیک میں گلگت بلتستان کو بھرپور نتائج برآمد ہونگے،جو کہ عوام کیلئے ایک خوشخبری سے کم نہیں۔رائیکوٹ تا تھاکوٹ کی تکمیل سے 4 گھنٹوں میں ہزارہ موٹر وے پہنچ جائیں گے۔سی پیک سے فاصلے سمٹ جائیں گے۔فورجی کے لائسنسنگ لانے میں ہم کامیاب ہوچکے۔
انہوں نے کہاکہ شندور روڈ سی پیک کا ایک اہم حصہ ہے،جسکی تکمیل سے لوگوں کی زندگیاں آسان ہونگی۔گلگت بلتستان میں سیاحت کے فروغ کے لئے وزیراعظم پاکستان خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں۔شونٹر ٹنل کی تعمیر سے آزاد جموں و کشمیر کے ساتھ پہلا زمینی راستہ ہوگا۔
خالد خورشید نے کہا کہ سی پیک گلگت بلتستان کیلئے سہولیات لے کر آئے گا۔گلگت بلتستان دنیا میں خوبصورتی کے لحاظ سے اپنی مثال آپ ہے۔سیاحت کے لحاظ سے بھی گلگت بلتستان کا کوئی ثانی نہیں۔گلگت بلتستان میں زراعت اور سیاحت کا فروغ صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔صوبائی حکومت خطے کے ہر گاؤں میں پھلدار درخت عوام کی ملکیت میں دینے کی خواہاں ہے۔ہماری حکومت عوام کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنے کیلئے کوشاں ہے۔
اس موقع پر چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے سی پیک ارباب شیر علی نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سی پیک کے حوالے سے گلگت بلتستان کے تحفظات دور کریں گے۔وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان ایک ویژنری انسان ہیں،ان کے علاقے کیلئے ویژن سے پوری کمیٹی متاثر ہوئی ۔زراعت اور سیاحت کے شعبے میں بہت زیادہ پوٹینشل ہے،فروغ کیلئے جی بی کا ہاتھ بٹائیں گے۔ہم وفاق میں گلگت بلتستان کا وکیل بن کر کام کریں گے ۔
ارباب شیر علی نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان آنے والے وقتوں میں انتہائی تیزی سے ترقی کی جانب گامزن ہوگا کیونکہ سی پیک کے تحت گلگت بلتستان کو میگا منصوبے دئیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ اس وقت ہماری توجہ بڑے صوبوں سے زیادہ چھوٹے صوبوں کی طرف ہیں جن میں گلگت بلتستان سرفہرست ہے،ہم چھوٹے صوبوں کو بڑے صوبوں کے برابر لانا چاہتے ہیں۔