شجاع آباد، 18 اکتوبر (اے پی پی): ہفتہ شان رحمت الاالعالمینﷺ کے سلسلے میں میونسپل کمیٹی شجاع آبادمیں محفل میلاد منعقد ہوئی جس کی صدارت اسسٹنٹ کمشنر/ایڈمنسٹریٹر ناصر شہزاد ڈوگر نے کی۔
محفل میلاد سے اپنے خطاب میں اسسٹنٹ کمشنر/ایڈمنسٹریٹر ناصر شہزاد ڈوگر نےکہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر ”شان رحمت اللعالمین ﷺ“ہفتہ منایا جارہا ہے، جس کا مقصد حضور ؐ کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے، جوتمام انسانوں کیلئے روشنی اور ہدایت کا ذریعہ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم باقی دنیا کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ اسلام امن کا مذہب ہےاوررواداری، بھائی چارے اور ہم آہنگی کو فروغ دیتا ہے۔
ناصر شہزاد ڈوگر نے کہا کہ آپ ﷺ کی سیرت پاک ہمارے لیے زندگی گزارنے کا بہترین نمونہ ہے۔ آپ ﷺ نے معاشرت، معیشت اور زندگی کے تمام امور پر ایک عملی مثال قائم کی جس کی بنیاد پر آج بھی ایک صالح معاشرے کی تشکیل کی جا سکتی ہے۔
محفل میلاد سے خطاب میں مولانا مسعود قرىشى نے کہاکہ حضور ﷺ نے رنگ ونسل کی تمیز اور برتری کامعیار ختم کرکے معاشرے میں عدل وانصاف کو رواج دیا اور عورتوں اور بچوں کو عزت دی جس سے ایک فلاحی معاشرے کا قیام ممکن ہو سکا۔انہوں نے کہاکہ وقت کی اہم اور ضرورت ہے کہ نئی نسل حضور ﷺ کے ہرپہلوپر عمیق مطالعہ کرے اور انہیں اپنی زندگی میں لاگوکرنے کی سنجیدہ کوششیں کریں۔
محفل میلاد سے خطاب میں مولانا حسیب احمد اظہری نے کہا کہ حضور ﷺ کی بعثت بھٹکی ہوئی انسانیت کو سیدھی راہ دکھانے کیلئے ہوئی اور آپ نے معاشرتی تربیت کا جوعظیم کارنامہ سرانجام دیا وہ قیامت تک تمام معاشروں کیلئے مشعل راہ ہے۔
چیف آفیسر قاسم شکیل نے کہاکہ آپ ؐ سے پہلے انسانیت کا کوئی تصور نہیں تھا۔آپ ؐ نے انسانوں میں مساوات پیدا کی اور ان کو مایوسیوں کے اندھیروں سے نکالا۔
مولانا عرفان قادری نے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہر مسلمان کی بے حد جذباتی وابستگی ہے۔ اللہ کے نبیؐ سے محبت اور ختم نبوتؐ ہمارے ایمان کا لازمی حصہ ہے اور ہر مسلمان اس محبت کو جان و دل سے مقدم جانتا ہے۔











