ملتان، 02 اکتوبر (اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا ہے کہ شہریوں کو ریونیو عوامی خدمت کچہری کے پلیٹ فارم سے براہ راست ریلیف دیا جارہا ہے۔ایک چھت تلے ڈپٹی کمشنر سے پٹواری تک ریونیو افسران عوامی کچہری میں شہریوں کی درخواستوں پر فوری دادرسی کررہے ہیں جو کہ انقلابی اقدام ہے
ان خیالات کا اظہار انہوں نے رضا ہال میں ریونیو عوامی خدمت کچہری کے دوسرے روز شہریوں کی درخواستوں پر احکامات جاری کرتے ہوئے کیا۔کچہری میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سمیت تمام ریونیو افسران ایک چھت تلے موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ دو روزہ ریونیو عوامی کچہری میں 8 سو سے زائد شہریوں کی دادرسی کی گئی اور فوری موقع پر ریکارڈ منگواکر فرد ملکیت و دیگر اسناد جاری کی گئیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے پراپرٹی ریکارڈ کے شعبے میں انقلابی اصلاحات کیں ہیں روایتی کلچر کاخاتمہ کرتے ہوئے عوامی کچہری میں فرد اجراء،اراضی انتقلات سمیت تمام سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ عوام کو فوری ریلیف دینے کیلئے ہر ماہ کی یکم تاریخ کو ریونیو افسران کو ایک چھت تلے اکھٹا کرکے مسائل کی شنوائی کی جائے گی۔
قبل ازیں شہریوں نے ریونیو کچہری کے اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو خراج تحسین پیش کیا۔











