کوئٹہ؛ این سی او سی کے احکامات پر طلباءو طالبات کی کورونا ویکسین جاری

15

کوئٹہ،02 اکتوبر(اے پی پی): نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر  کے احکامات پر صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں کورونا ویکسین کاعمل زور و شور سے جاری ہے۔اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کوئٹہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرخلیل مراد کی زیرنگرانی مختلف ٹیمیں تشکیل دی گئی جنہوں نے ضلع کوئٹہ میں مختلف سکولوں میں جاکر طلباءو طالبات کوکورونا ویکسین لگائی۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر  خلیل مراد نے تعلیمی اداروں کا کوروناکے حوالے سے سکول کی انتظامیہ اور عملے سے میٹنگز کی اور اپنے اپنے اداروں میں کورونا کے ضابطہ اخلاق  پر عملدرآمدکرانے کے لئے تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ وبائی مرض انتہائی مہلک اور خطرناک ہے۔جس کی تدارک کے لئے ہمیں مل جل کر کام کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے گھروں اور اداروں کو صاف ستھرا رکھیں اور حکومت کی جاری کردہ SOPs پر عمل کریں۔ انہوں نے سکولوں کے اساتذہ کرام سے کہا کہ کورونا کے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔

خلیل مراد نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے کوئٹہ کے لئے 12 موبائل ٹیمیں تشکیل دی ہیں جو روزانہ کی بنیاد پر تعلیمی اداروں، پبلک پارکس اور مارکیٹوں کا دورہ کرکے عوام الناس کو ویکسین لگائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا عزم ہے کہ ماہ رواں کے آخر تک ہم انشاءاللہ کوئٹہ کے تمام تعلیمی اداروں میں جاکر تمام طلباءو طالبات کو ویکسین لگائے اور پڑھائی کا ماحول محفوظ بنائیں اور اس کے ساتھ ساتھ ہم اس مہم کو کامیاب بنانے کے لئے حتی الامکان کوشش کرتے رہیں گے اور اپنے معاشرے کو اس موذی مرض سے نجات دلائیں گے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہر میں موجود  مارکیٹوں، بس اڈوں، ہسپتالوں، پارکوں وغیرہ کا دورہ بھی کرتے رہیں گے  اور اس عمل کو کامیاب بنانے کے لئے عملدرآمد نہ کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کریں گے۔