ملتان،11 اکتوبر(اے پی پی): صوبائی وزیر تعلیم مراد راس نے پیر کو اپنے دورہ ملتان کے دوران چائلڈ لیبر کےلئے ارلی مارننگ سکول سسٹم (صبح نو سکول) کا افتتاح کیا اور پائلٹ سیکنڈری سکول ملتان میں مزدور بچوں کو مفت تعلیم کےلئے کلاسز کا اجراء بھی کر دیا گیا ہے۔ صوبائی وزیر تعلیم مراد راس نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر اس پراجیکٹ کا آغاز جنوبی پنجاب سے کیا جا رہا ہے۔
صوبائی وزیر نے کلاس روم میں موجود مختلف مزدور بچوں سے گھل مل گئے اور ان سے تعلیمی حوالے سے بات چیت کی اس موقع پر صوبائی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات ندیم قریشی، سیکرٹری تعلیم جنوبی پنجاب احتشام انور، ایڈیشنل سیکرٹری عطا الحق سی او تعلیم شمشیر خان بھی موجود تھے۔
صوبائی وزیر تعلیم مراد راس نے پائلٹ سیکنڈری سکول میں ہاکی گراونڈ کا بھی افتتاح کیا اور سکول اولمپک ہاکی ٹورنامنٹ 2021 جنوبی پنجاب انٹر تحصیل (ڈسٹرکٹ لیول) بوائز کے چمپئن ٹیم گورنمنٹ ہائی سکول تلکوٹ شجاع آباد اور رنز آپ ٹیم کے تعارف بھی کروا گیا اور دونوں ٹیموں کے درمیان فرینڈلی میچ بھی کرایا گیا، صوبائی وزیر تعلیم نے پائلٹ سیکنڈری سکول ملتان کے ہاکی گراونڈ میں سٹروک لگا کر ہاکی کے نمائشی میچ کا افتتاح کیا اور اس موقع پر وزیر تعلیم مراد راس نے کہا کہ سکولوں میں کلاس رومز میں اضافے کے لئے اقدامات کر رہے ہیں اور کہا ڈینگی کے خاتمے کےلئے سکولوں میں حفاظتی سپرے کروا رہے ہیں اور کہا پنجاب میں یکساں نصاب تعلیم کے نفاذ کو یقینی بنا رہے ہیں۔
وزیر تعلیم مراد راس نے کہا پنجاب حکومت اساتذہ کو بہت زیادہ سہولیات دینے کے اقدامات اٹھا رہی ہے اور کہا کہ اساتذہ کے تبادلے اور چھٹیوں کے نظام میں شفافیت کے لئے آن لائن سسٹم متعارف کروایا ہے اور کہا سرکاری سکولوں میں کھیلوں کے میدان آباد کریں گے۔