قانون کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی میں وکلاءکا روشن کردار تاریخ کا حصہ ہے؛وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین

11

اسلام آباد،08اکتوبر(اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ قانون کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی میں وکلاءکا روشن کردار تاریخ کا حصہ ہے۔وکلاءجمہوریت، انسانی حقوق اور آئین کے محافظ ہیں۔

ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین نے جمعہ کو یہاں  ڈسٹرکٹ بار جہلم کے عہدیداران سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا،ملاقات میں نیب کے حالیہ آرڈیننس سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال ہوا، وکلاءبردری نے وفاقی وزیر اطلاعات کو جہلم میں کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کی شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور انتخابی اصلاحات اور آئندہ الیکشن الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر کرانے کے حوالے سے حکومتی اقدامات کو سراہا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے وکلاءکو نیب آرڈیننس کی تفصیلات سے آگاہ کیااور کہا کہ صدر مملکت نے آئین کے آرٹیکل 89 کے تحت نیب (دوسرا ترمیمی) آرڈیننس 2021ءجاری کیا، اس آرڈیننس کے ذریعے صدر مملکت اور چیف جسٹس آف پاکستان کی مشاورت سے احتساب عدالتوں کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ نیب آرڈیننس میں پراسیکیوٹر جنرل کے اختیارات کو بڑھا دیا گیا ہے، اس آرڈیننس کے تحت ضمانت کا اختیار اب ماتحت عدالتوں کے پاس ہوگا۔

 چوہدری فواد حسین نے کہا کہ آج جو نیب آرڈیننس پر تنقید کر رہے ہیں ان کی اکثر ترامیم اسی آرڈیننس میں شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت وکلاءبرادری کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے، ڈسٹرکٹ بار جہلم کے لئے نئے چیمبرز بنائے جائیں گے، نوجوان وکلاءکو چیمبرز کی تعمیر کے لئے کامیاب جوان پروگرام سے قرضے دیئے جائیں گے، وکلاءبرادری کو صحت کی سہولیات کی فراہمی کیلئے ہیلتھ کارڈ کی فراہمی پر بھی غور کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے وکلاءکو جہلم میں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ دریائے جہلم کے قریب جدید تفریحی پارک قائم کیا جائے گا، للہ سے پنڈ دادنخان اور جہلم سڑک کو دو رویہ کرنے کے منصوبے سے علاقے میں ترقی کا نیا دور شروع ہوگا،126 کلو میٹر طویل للہ سے جہلم تک دو رویہ سڑک کی تعمیر پر 16 ارب روپے کی لاگت آئے گی۔

وکلاءبرادری نے علاقے کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے منصوبوں کے آغاز پر وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب فیصل چوہدری اور سرفراز چوہدری کی کاوشوں کو سراہا۔

ملاقات میں ڈسٹرکٹ بار جہلم کے صدر راجہ توقیر احمد خان، جنرل سیکریٹری راجہ نصراللہ وسیم، جوائنٹ سیکریٹری چوہدری آصف بشیر ایڈووکیٹ، پنجاب بار کونسل کے رکن راجہ ظفر اقبال، سابق صدر ڈسٹرکٹ بار جہلم چوہدری عبدالرشید گوندل، پنجاب بار کونسل کے سابق اراکین راجہ شکیل احمد ایڈووکیٹ، راجہ محمد فاروق رضا، سابق جنرل سیکریٹری ڈسٹرکٹ بار جہلم چوہدری محمد حکیم الرسول ایڈووکیٹ، ملک رضوان احمد ایڈووکیٹ، شاہد عزیز گوندل ایڈووکیٹ، چوہدری نوید امتیاز ایڈووکیٹ، پنجاب بار کونسل کے سابق وائس چیئرمین چوہدری محمد حسین ایڈووکیٹ اور ارشد محمود جنجوعہ ایڈووکیٹ شامل تھے۔