لاہور، 3 اکتوبر (اے پی پی):این سی اوسی کی سخت ہدایات کو مدنظر رکھتے ہوئے لاہور کی ضلعی انتظامیہ متحرک ہو گئی اور کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد نہ کرنے والوں کی شامت آگئی، عوامی مقامات اور کاروباری مراکز پر سخت چیکنگ کی گئی اور پٹرول پمپس پر کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے انتظامیہ کے افسران اور عملے کے ہنگامی دورے اور چھاپے شروع ہو گئے ہیں ۔
اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن ابراہیم ارباب اور اسسٹنٹ کمشنر سٹی فیضان احمد آج بیشتر دن فیلڈ میں موجود رہے۔اسسٹنٹ کمشنر سٹی فیضان احمد نے تحصیل سٹی کے علاقے میں مختلف پٹرول پمپس اور شاپنگ مقامات کی چیکنگ کی اور ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 4افراد کو گرفتارکیا۔
اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن ابراہیم ارباب نے بھی تحصیل ماڈل ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں پٹرول پمپس اور میگا سٹورز کی چیکنگ کی اور کورونا ویکسینیشن سرٹیفکیٹس کو چیک کیا اور عوام الناس کو کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کرنے کا کہا گیا۔
اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن نے عوام کو تنبیہ کی کہ وہ کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائیں، ڈی سی لاہور عمر شیر چٹھہ کی ہدایت پر پٹرول پمپس پر کورونا ویکسینیشن سرٹیفکیٹس کی چیکنگ کو بھی یقینی بنایا گیا ہے۔ کمشنر لاہور ڈویژن اور ڈی سی لاہور کی جانب سے کہا گیا ہے کہ جو لوگ این سی او سی کی ہدایات پر کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوں گے، قانون ایسے لوگوں کے خلاف کے خلاف سختی سے حرکت میں آئے گا۔











