ملتان ؛ آئی  جی  پولیس پنجاب  کیپٹن ریٹائرڈ ظفر اقبال اعوان   کا  تھانہ عبدالحکیم کا اچانک  دورہ ،  مختلف امورکا معائنہ کیا

50

 

ملتان ،25 اکتوبر )اے پی پی ): ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ ظفر اقبال اعوان   نے تھانہ عبدالحکیم کا  اچانک  معائنہ کیا، تھانہ کی عمارت نئی ہونے کے باوجود مناسب دیکھ بھال نہ ہونے، صفائی کے ناقص انتظام پر ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب نے  ناراضگی کا اظہار کیا۔ انہوں نے ایس ایچ او سے تھانہ کی حدود کی آبادی ،جرائم کی نوعیت بارے استفسار کیا لیکن ایس ایچ او مناسب جواب نہ دے پائے جس پر کیپٹن ریٹائرڈ ظفر اقبال اعوان نے ایس ایچ او کی سرزنش کرتے ہوئے تھانہ کی حالت زار بہتر بنانے، پیشہ ورانہ امور بارے مکمل آگاہی رکھنے اور جرائم کو کنٹرول کرنے کی ہدایت کی ہے۔

 ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب نے کہا کہ پولیس کا کام لوگوں کی جان و مال کی حفاظت کرنا اور لوگوں کو انصاف دینا ہے، تھانہ میں آنے والے سائلین کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں، لوگوں کے محکمہ پولیس سے متعلق تھانہ کی سطح کے مسائل کو بلاتاخیر حل کریں۔

 ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ ظفر اقبال اعوان نے فرنٹ ڈیسک، حوالات، مال خانہ کا معائنہ کیا اور  تھانہ کا ریکارڈ ملاحظہ کیا انہوں نے تھانہ کا ریکارڈ جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

 اس موقع پر سٹاف آفیسر ڈی ایس پی رضوان خان بھی موجود تھے۔