وزیراعظم دورہ سعودی عرب کے بعد فوڈ سپورٹ پروگرام کا اعلان کریں گے،محدود وسائل والے طبقے کوخصوصی مراعات دی جائیں گی،وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب کی میڈیا سے بات چیت

17

فیصل آباد۔24اکتوبر  (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ حکومت کو مہنگائی کے باعث درپیش عوام کی مشکلات کا بخوبی علم ہے اور اگرچہ مہنگائی ایک عالمی مسئلہ ہے لیکن ہم کوشش کررہے ہیں کہ اس کے کم سے کم اثرات عوام تک منتقل ہوں لہٰذا اسی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے وزیراعظم عمران خان دورہ سعودی عرب کے بعد فوڈ سپورٹ پروگرام کا اعلان کریں گے جس میں محدود وسائل والے طبقے کیلئے خصوصی مراعات دی جائیں گی۔اتوار کی شام ڈی ٹائپ کالونی فیصل آباد میں آسا سنگھ پارک کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب انتہائی کامیاب رہا ہے ، سعودی عرب کے ساتھ ہمارے دیرینہ تعلقات ہیں اوروزیراعظم کے دورے سے دو طرفہ تعلقات پرمزید دوررس اثرات مرتب ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ آج اپوزیشن مہنگائی کی آڑ میں احتجاج کرکے انارکی پھیلا رہی ہے حالانکہ مہنگائی کے اصل ذمہ دار یہی ماضی کے حکمران ہیں جنہوں نے ملک کو لوٹ لوٹ کر اس مقام تک پہنچادیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ ان سے پوچھتے ہیں کہ ان کے پاس وہ کون سی گیدڑ سنگھی ہے کہ ان کے اٹھارہ اٹھارہ سال کے بچے لندن اور دیگر ممالک میں اربوں کے اثاثوں، اربوں کی جائیدادوں اور اربوں کے کاروباروں کے مالک ہیں جبکہ پاکستانی قوم کے  اٹھارہ اٹھارہ سال کے بچے تعلیم اور روزگار کیلئے دھکے کھاتے پھر رہے ہیں حالانکہ ان کی عقلیں و شکلیں بھی سابق حکمرانوں کے بچوں سے بہتر ہیں۔انہوں نے کہا کہ سابق حکمران بیرون ملک بنگلے بنارہے تھے لیکن عمران خان ماضی کے حکمرانوں کے برعکس غریبوں کیلئے گھر بنا کر دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت غریب عوام کو ہیلتھ کارڈ جاری کر رہی ہے جو حکومت کا اہم پروگرام ہے اور کے پی کے سمیت پنجاب کے دو ڈویژنز ساہیوال اور ڈی جی خان میں سو فیصد افراد کو یہ سہولت مل گئی ہے جبکہ دسمبر میں لاہور اور فیصل آباد سمیت صوبہ کے تمام اضلاع کے تمام خاندانوں کو10 لاکھ روپے تک کے علاج کی سہولت مل جائے گی جو دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں بھی نہیں ہے لیکن اس کے ساتھ ہی وہ بلاول سے بھی کہتے ہیں کہ سندھ کے عوام بھی آخر انسان ہیں اسلئے ان کا بھی حق ہے کہ انہیں بھیہ ایسی سہولت ملے لیکن جہاں چوروں، داکوؤں، قبضہ مافیا، ٹینکر مافیا کا راج ہو جہاں 13 ارب روپے کی گندم چوہے کھا جا تے ہوں وہاں کسی خیر کی توقع نہیں اسلئے سندھ کے عوام کو بھی چاہیے کہ وہ 13 سال سے سندھ کے اقتدار پر قابض حکمرانوں سے اپنے حقوق حاصل کرنے کیلئے اٹھ کھڑے ہوں۔فرخ حبیب نے کہا کہ سابقہ حکومتوں کے دور میں فیصل آباد ٹیکسٹائل انڈسٹری اور پاورلومز سیکٹر کا قبرستان بن چکا تھا مگر ہماری حکومت نے دوبارہ انڈسٹری کو چلایا جس سے اب ہم بھاری مقدار میں اپنی ٹیکسٹائل مصنوعات برآمد کرکے قیمتی زر مبادلہ کما رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ہم نے یوریا کھاد کا ایک بیگ بھی امپورٹ نہیں کیا بلکہ برس ہا برس سے بند فرٹیلائزر پلانٹس کو گیس اور دیگر سہولیات فراہم کرکے ملکی ضرورت کے مطابق یوریا تیا کیا اسی لئے اب پاکستان میں یوریا کی کوئی قلت نہیں اور یوریا کی بوری 18 سو روپے میں مل رہی ہے جس کی غیر ممالک میں قیمت7000 روپے تک ہے۔انہوں نے کہا کہ کسانوں کیلئے کسان کارڈ کے ذریعے سبسڈی کی فراہمی جاری ہے اور یوریا کی قیمت میں پہلی بار استحکام لایا گیا ہے وگرنہ 1800 والی یوریا کی بوری باہر سے 7000 میں امپورٹ کرنا پڑتی تو کیا ہوتا۔انہوں نے کہا کہ ہماری ترسیلات زر اور برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے اسی طرح لارج سکیل مینو فیکچرنگ بھی بڑھی ہے۔انہوں نے کہا کہ خوردنی تیل اور گھی کی قیمتوں میں کمی کیلئے اقدامات جاری ہیں جبکہ 30 سالوں میں پہلی بار زراعت پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے اور ہم خوراک کے حوالے سے سرپلس ہورہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس بار گنا 25 فیصد زائد ہوا ہے نیز کاٹن کی پیداوار میں 60 فیصد، مکئی میں 18، چاول میں 18 سے20 فیصد اضافہ کے مفید نتائج حاصل ہوں گے اور ملک فوڈ میں سرپلس ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے تعمیراتی وترقیاتی منصوبے بھی تیزی سے جاری ہیں اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی جانب سے بھی فیصل آباد کیلئے13 ارب روپے کا پیکیج دیاگیا ہے جس سے فیصل آباد مزید ترقی کی راہوں پر گامزن ہوگا۔فرخ حبیب نے کہا کہ ان کے علاقے کے ترقیاتی کام چلتے رہیں گے اورفیصل آباد کو پارکوں کا شہر بنانے کے ساتھ ساتھ ہر یونین کونسل میں واٹر فلٹریشن پلانٹ لگائیں گے کیونکہ عوام کیلئے پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور پارکس حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ملک کو درست سمت میں لیکر جانا ہے جبکہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک کو ترقی کی طرف گامزن کرنے میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جا ئے گی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے فوڈ سپورٹ پیکیج سے عوام کو بہت حد تک ریلیف حاصل ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم سیاسی بیروزگاروں کا سرکس ہے جس میں شامل سیاسی یتیموں کی ملک و قوم کی لوٹی ہوئی دولت سے بنائی گئی جائیدادیں ملک سے باہر، ان کے بچے بیرون ملک اور ان کے کاروبار بھی ملک سے باہر ہیں،یہ وہاں بڑے بڑے محلات میں شاہانہ زندگی بسر کررہے ہیں اور گھر کے ایک آدھ فرد کو انارکی پھیلانے کیلئے یہاں چھوڑ رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ لوگ مہنگائی کی آڑ میں جو ٹوپی ڈرامہ کررہے ہیں اس سے عوام کو بیوقوف نہیں بنا سکتے کیونکہ اگر یہ لوگ اپنے تین تین بار کے 30 سالہ دور اقتدار میں ملک کو خود انحصار بنادیتے تو زرعی ملک ہونے کے باوجود ہمیں کوکنگ آئل، دالیں، چینی اور دیگر اشیا باہر سے امپورٹ نہ کرنا پڑتیں لیکن انہوں نے عوام کیلئے کچھ نہیں کیا اور ساری توجہ اپنی تجوریاں بھرنے پر مرکوز رکھی اسی لئے عوام نے ان کو پہلے بھی مسترد کیا اور اب بھی مسترد کردیں گے۔آخر میں انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم آج اپنے ازلی دشمن بھارت کے ساتھ کرکٹ ٹاکرا کرنے جارہی ہے اسلئے ہماری اور پوری قوم کی دعائیں اپنی ٹیم کے ساتھ ہیں اور ہم امید کرتے ہیں کہ گرین شرٹس بھارتی کرکٹ ٹیم کو شکست سے دوچار کریں گی۔