تورغر،28اکتوبر(اے پی پی):وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کوپوری دنیاایک جرات مند اورایماندارلیڈرتسلیم کرتی ہے۔ سابق ادوار میں کسی بھی شعبہ میں منصوبہ بندی نہیں کی گئی جس کی وجہ سے آج ملک مشکل صورتحال سے دوچار ہے۔وزیراعظم عمران خان ملک کواس مشکل صورتحال سے نکالنے کے لئے دن رات کوششیں کر رہے ہیں،موجودہ مہنگائی کی صورتحال میں غریبوں کو ریلیف دینے کے لئے احساس پروگرام، انصاف فوڈ کارڈ اور کسان کارڈ،ایجوکیشن کارڈ سمیت متعدد اقدامات اٹھا رہے ہیں،تاکہ غریب عوام کوریلیف مل سکے۔مہنگائی عارضی ہے اوراس مشکل صورتحال سے نکل کرہی قوم کندن بن کرابھرے گی اوردنیاکے لیے مثال بنیں گے۔ضلع تورغر کی پسماندگی ختم کرنے کیلئے کروڑوں روپے کی سکیمیں منظور کی ہیں۔
وہ منگل کو یہاں ضلع تورغر کی تحصیل جدباء میں عوامی اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ضلع تورغر میں رابطہ سڑکوں، آبنوشی اور دیگر منصوبوں کے لئے 30 کروڑ روپے فنڈ کا اعلان اورسپاسنامہ میں پیش کردہ تمام پراجیکٹس کے حوالے سے بھی ضلعی انتظامیہ کو تفصیلات فراہمی کی ہدایت کرتے ہوئے تورغر میں ریسکیو1122اورپاسپورٹ آفس،اکاونٹ آفس کو جلد فعال بنانے کی یقین دہانی کروائی۔انہوں نے کہا کہ کہ سپاسنامہ میں جوبھی مطالبات پیش کئے گئے ہیں، اس پر ایم پی اے لائق محمدخان کے ساتھ بیٹھیں گے اورانشاء اللہ لائق محمدخان میری طرف سے خودیہاں منظورشدہ منصوبوں پرعملدرآمدکااعلان کریں گے۔
قبل ازیں،تورغر آمد پرایم پی اے لائق محمد خان نے وزیر اعلی محمود خان کا استقبال کیا اوردوارب سے زائدکا سپاسنامہ پیش کیا اور تورغر کے لئے اربوں روپے کے ترقیاتی فنڈزکی فراہمی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تور غر پسماندہ ضلع ہے اور اس علاقے کے عوام کے لئے ترقیاتی پیکج کی فراہمی حقیقی معنوں میں انسانیت کی خدمت ہے،تورغرکے غیرت مندمہمان نوازاورحیادار،تقوی دارلوگ ہمیشہ آپ کے لئے دعائیں کریں گے۔
محمود خان نے کہاکہ ضلع تورغر کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے،تمام پسماندہ اضلاع کی یکساں بنیادوں پر ترقی میری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہاکہ وعدہ کرتا ہوں عوام کی ایک ایک پائی عوام پر خرچ ہوگی، میں نہ خود کمیشن لیتا ہوں نہ کسی اور کو لینے دوں گا، ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا کہ شفافیت ہمارے لیڈر اور پارٹی کا منشور ہے اس پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنائیں گے،ہمیں فخرہے کہ وزیراعظم عمران خان کوپوری دنیاایک باجرات اورایماندارلیڈرمانتی ہے۔ ا نہوں نے کہاکہ سابقہ ادوار میں کسی بھی شعبے میں منصوبہ بندی نہیں کی گئی جس کی وجہ سے آج ملک مشکل صورتحال سے دوچار ہے، مگرہمارے قائدوزیراعظم عمران خان ملک کواس مشکل صورتحال سے نکالنے کے لئے دن رات کوششیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہمیں آئندہ انتخابات کی فکر ہوتی تو ہم بھی سابقہ حکمرانوں کی طرح قرضے لے کر وقتی طور پر لوگوں کو ریلیف دے دیتے،مگر ہم اپنی آنے والی نسلوں کے مستقبل کا سوچ رہے ہیں اس لئے جامع منصوبہ بندی کے تحت کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ سابقہ حکمرانوں نے قوم کو بیرونی قرضوں کے دلدل میں پھنسا یاہے،معلوم نہیں انہوں نے قرضے کہاں پر خرچ کئے، آج تورغر کے دورے کا مقصد سانحہ جھٹکا میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کرنا بھی تھا، ہم متاثرین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔وزیراعلیٰ نے عوام کی سہولت کیلئے دریائے سندھ پرچیئرلفٹ،ریسکیو1122کیلئے کشتی فراہمی کابھی اعلان کیااورکہاکہ تورغرکے لوگ میرے اپنے لوگ ہیں،مجھے یہ اعزازحاصل ہے کہ فاٹاانضمام کے خواب کوشرمندہ تعبیرکیااوروہاں پرزیروسے سٹارٹ لیکرقبائلی اضلاع کی ترقی وخوشحالی کی مضبوط بنیادرکھ دی ہے۔ انہوں نے کہاکہ جلدتورغرمیں سات ارب روپے کے کوٹکے پل تعمیرکے افتتاح کیلئے دوبارہ بھی آؤں گا،تورغرکی پسماندگی ختم کرنے کیلئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیاجائیگا۔
اس موقع پر وفاقی پارلیمانی سیکرٹری صالح محمد خان،وزیراعلیٰ کے مشیر سید احمد حسین شاہ،اراکین صوبائی اسمبلی لائق محمد خان،نوابزادہ فرید،مولانا عبید الرحمن اورتحریک انصاف کے مقامی قائدین بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔