وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ والٹن سے متعلق جائزہ اجلاس

17

اسلام آباد۔14اکتوبر  (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ  منصوبے حکومت کے فلیگ شپ منصوبے ہیں ، ان منصوبوں سے غیر ملکی سرمایہ کاری اور معاشی اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ ، والٹن سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔  وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ یہ دونوں حکومت کے فلیگ شپ رئیل اسٹیٹ پروجیکٹس ہیں جن سے ملک میں جدید، خود کفیل ، صاف ستھری اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکےگا، یہ منصوبے ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لئے بہت اہم ہیں تاکہ معاشی اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے، آر یو ڈی اے  خاص طور پرلاہور شہر کے ماحول اور زیر زمین پانی کی سطح کو بہتر رکھنے کے لئے بہت اہم ہے۔ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ لاہور شہر کی پائیدار ترقی کے لئے لوگوں کو ان دو میگا رئیل اسٹیٹ پراجیکٹس  خاص طور پر آر یو ڈی اے   کی اہمیت اور فوائد سے آگاہ کرنے کے لئے موثر میڈیا پلان تشکیل دیں۔وزیر اعظم نے ان منصوبوں کی کامیابی میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئےمختلف قانونی مسائل کو حل کرنے کی بھی ہدایت کی۔سی ای او روڈا نے وزیراعظم کو بتایا کہ سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ (سی بی ڈی) میں سڑکوں اور سیوریج کےمنصوبوں پر ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہے،درختوں کی منتقلی پر نہ صرف 98 فیصد کام مکمل ہوچکاہے بلکہ اس علاقے میں 5000 کے قریب نئے درخت بھی لگائے جا رہے ہیں۔وزیراعظم کو یہ بھی بتایا گیا کہ والٹن ، لاہور میں 122 ایکڑ اراضی پر باب پاکستان پروجیکٹ 500 ملین امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری سے تعمیرکیا جا رہا ہے۔ سی بی ڈی حالیہ جاری دبئی ایکسپو کے دوران 250 ملین امریکی ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لئے مختلف معاہدوں پر دستخط کرنے جارہا ہے۔سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ (سی بی ڈی) اور سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کی انتظامیہ نے ریونیو شیئرنگ ماڈل کے تحت لاہور ایئرپورٹ کی غیر زیر استعمال زمین پر کمرشل ڈسٹرکٹ تیار کرنے کے معاہدے پر بھی دستخط کئے ہیں۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ  انڈسٹریل اسٹیٹ اور رکھ جھوک جنگل کی ترقی پر بھی کام جاری ہے۔