وزیراعلیٰ محمود خان کادورہ لوئر چترال،متعدد ترقیاتی منصوبوں کاافتتاح کیا

14

 پشاور، 26 اکتوبر(اے پی پی): وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے منگل کے روز ضلع لوئر چترال کا ایک روزہ دورہ کیا جہاں اُنہوں نے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا اور جلسہ عام سے خطاب کیا۔وزیراعلی ٰنے 40 ایکڑ اراضی پر محیط چترال اکنامک زون کا تجارتی بنیادوں پر اجراءکیا جس سے بلواسطہ اور بلاواسطہ 8 ہزار روزگار کے نئے مواقع پید ا ہوں گے جبکہ مذکورہ اکنامک زون میں 62 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری متوقع ہے ۔اس کے علاوہ وزیراعلیٰ نے 70 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر شدہ سنگور پل ،دنین بائی پاس روڈ اور ایون ۔ کیلاش ویلی پل کا افتتاح کیاجو بالترتیب 5 کروڑ اور8.2 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کئے گئے ہیں۔

 وزیراعلیٰ نے ساڑھے 6کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کردہ ریسکیو سٹیشن اور 9 کروڑ روپے کی لاگت سے ڈگری کالج میں قائم بی ایس بلاک کا افتتاح بھی کیا ۔ وزیراعلیٰ نے اپنے دورے کے دوران متعدد ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد بھی رکھا جن میں کلکٹک چترال روڈ، بروز پل، 8 کلومیٹر طویل کریم آباد روڈ شامل ہیں۔یہ منصوبے بالترتیب 29 کروڑ ، 5 کروڑ اور10 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کئے جائیں گے ۔ وزیراعلیٰ نے 46 کلومیٹر طویل کیلاش ویلی روڈ کا سنگ بنیاد بھی رکھا جو 4.2 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا ۔ اس کے علاوہ وزیراعلیٰ نے 28 کروڑ روپے مالیت کے بیوٹیفکیشن آف لوئر چترال منصوبے کا اجراءبھی کیا۔