لاہور،16اکتوبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے راولپنڈی کے اراکین ا سمبلی نے ہفتہ کو یہاں ملاقات کی جس میں حلقوں کے مسائل کے حل کیلئے کئے جانے والے اقدامات پر بات چیت ہوئی اور ترقیاتی سکیموں اور فلاح عامہ کے جاری منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اراکین اسمبلی نے وزیراعلیٰ کو حلقوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے راولپنڈی کے حلقوں کے مسائل کے حل کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کو مری میں جنگلات کی اراضی پر قبضہ کرنے والے مافیا کی سرکوبی کا حکم دیا اور مری کے مسائل حل کرنے اورانفرسٹرکچر بہتر کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ نے انسداد ڈینگی کے لئے بھر پور مہم چلانے کاحکم دیتے ہوئے کہا کہ ڈینگی پر قابو پانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی کے مریضوں کے علاج معالجے میں کوتاہی برداشت نہیں کروں گا، حکومت نے تمام محکموں کو انسداد ڈینگی کیلئے الرٹ کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے پہلے کورونا پر سیاست چمکائی اوراب ڈینگی پر پوائنٹ سکورنگ کررہی ہے، افسوس کا مقام ہے کہ اپوزیشن کے دل میں دکھی انسانیت کیلئے کوئی درد نہیں۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ راولپنڈی رنگ روڈ اورنالہ لئی ایکسپریس وے کی منظوری پر ارکان اسمبلی اورعوام کو مبارکباد دیتاہوں، رنگ روڈ بننے سے راولپنڈی اسلام آباد کے شہریوں کو آمد و رفت میں بے پناہ سہولت ملے گی، نالہ لئی ایکسپریس وے پراجیکٹ راولپنڈی کیلئے گیم چینجر منصوبہ ثابت ہوگا اور اس منصوبے کیلئے پہلے مرحلے میں 24ارب روپے کے فنڈز کی منظوری دے دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی سمیت ہر شہر کا علیحدہ ڈویلپمنٹ پیکیج تیار کیا ہے اور پہلی بار ہر شہر کی ضروریات اور ترجیحات کو مد نظر رکھ کر فلاح عامہ کے منصوبے شروع کئے ہیں، تین برس میں وہ کام کئے ہیں جو سابق حکومت 10 برس میں نہ کر سکی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خا ن کی قیادت میں عوامی خدمت کے سفر کو تیزی سے آگے بڑھائیں گے۔ اراکین اسمبلی نے مسائل کے حل کیلئے ہدایات جاری کرنے پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا شکریہ ادا کیا۔
صوبائی وزرا نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی رنگ روڈ اورنالہ لئی کے منصوبوں کیلئے کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ان منصوبوں کو عملی شکل دے کر راولپنڈی کے عوام کے دل جیت لئے ہیں۔خواتین ارکان اسمبلی کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدارراولپنڈی کے عوام کے محسن ہیں۔ ارکان پنجاب اسمبلی نے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے راولپنڈی کیلئے جتنے ترقیاتی منصوبے دیئے ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی،راولپنڈی کیلئے حقیقی ترقی کا دور اب شروع ہوا ہے،عوام کی فلاح کیلئے پائیدار اقدامات پر عثمان بزدار کے مشکور ہیں۔
وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزرا راجہ محمد بشارت،راجہ راشد حفیظ،فیاض الحسن چوہان،ارکان اسمبلی محمد لطاسب ستی، راجہ صغیر احمد، جاوید کوثر، چوہدری ساجد محمود، واثق قیوم عباسی، ملک تیمور، امجد محمود چوہدری، اعجاز خان اور عمر تنویر،عابدہ راجہ،فرح آغا اورمومنہ وحید شامل تھیں جبکہ کمشنر راولپنڈی ڈویژن،آر پی او،ڈپٹی کمشنراورسی پی اوبھی اس موقع پرموجود تھے۔











