وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے منگل کوچائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیوروفیصل آباد کا دورہ

12

 

فیصل آباد  26  اکتوبر  (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے منگل کوچائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیوروفیصل آباد کا دورہ اور21کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کئے گئے جدید سہولیات سے آراستہ چائلڈ پروٹیکشن انسٹی ٹیوٹ کا افتتاح کیا۔اس موقع پر صوبائی وزیر حسین جہانیاں گردیزی، چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیوروپنجاب سارہ احمد،اعلیٰ انتظامی حکام اور متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔وزیراعلیٰ نے انسٹی ٹیوٹ میں بے آسرا بچوں کیلئے فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ اور انسٹی ٹیوٹ میں مہیا کردہ سٹیٹ آف دی آرٹ سہولیات پرمکمل اطمینان کا اظہارکیا۔وزیر اعلیٰ نے بچوں کیلئے جدید ترین کمپیوٹر لیب کا بھی افتتاح کیا اور بیورو میں مقیم بچوں سے ملاقات کی۔عثمان بزدار بچوں میں گھل مل گئے اور ان سے خصوصی شفقت کا اظہارکیا۔وہ بچوں کی نشستوں پر گئے اور ان سے بات چیت کی جبکہ بچوں کے ساتھ مل کر کیک کاٹا اور بچوں کو تحائف دئیے۔اس موقع پرچائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیوروکے بچوں نے اپنے ہاتھ سے بنائے انتہائی خوبصورت کارڈز وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کو پیش کئے جس پر انہوں نے بچوں کا شکریہ ادا کیااور ان کے ساتھ تصویریں بھی بنوائیں۔ وزیر اعلیٰ نے اس دوران انسٹی ٹیوٹ میں مقیم ایک گمشدہ بچی جوگزشتہ ایک ماہ سے چائلڈ پروٹیکشن کے پاس تھی کو اس کے والدین کے حوالے کیا جس پر مذکورہ خاندان نے اپنی گمشدہ بچی ملنے پروزیر اعلیٰ عثمان بزدارکا شکریہ ادا کیا۔دورہ کے دوران وزیر اعلیٰ عثمان بزدارکہاکہ چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کا ادارہ بے آسرا بچوں کی تعمیر،تعلیم و تربیت کیلئے بہترین خدمات سرانجام دے رہا ہے لہٰذا جلدنہ صرف مذکورہ ادارہ کا دائرہ کار ہر ضلع تک بڑھائیں گے بلکہ بے آسرا بچوں کی تعلیم و تربیت کیلئے ایسے اداروں کو وسائل کی کمی بھی نہیں ہونے دی جا ئے گی۔انہوں نے چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو سارہ احمدکو ہدایت کی کہ ان بچوں کو گھر جیسا پاکیزہ ماحول فراہم اور ان کی اپنے بچوں کی طرح مثالی تعلیم و تربیت میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جا ئے۔انہوں نے اس ضمن میں انہیں اپنے ہر ممکن تعاون کا بھی یقین دلایا۔دریں اثناچیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو سارہ احمد نے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کو ادارے کی کارکردگی کے بارے بریفنگ دی اور آئندہ کے منصوبوں سے بھی آگاہ کیا۔