اسلام آباد،27اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے بدھ کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ سی ایس ایس مقابلہ کے امتحان کو مزید موثر بنانے کے لئے کابینہ نے سی ایس ایس تحریری امتحان سے قبل امیدواروں سے سکریننگ ٹیسٹ لینے کی منظوری دی تاہم کم ترقی یافتہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کی سہولت کے لئے سکریننگ ٹیسٹ میں پاس نمبر کی حد 33 فیصد رکھی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سی ایس ایس کے امتحان میں بہت سے لوگ آتے ہیں جس کی وجہ سے فیڈرل پبلک سروس کمیشن کو سی ایس ایس کے امتحان کو پراسیس کرنے میں اٹھارہ ماہ لگ جاتے ہیں، اس مسئلہ کو دور کرنے کے لئے سی ایس ایس کے امتحان میں شرکت کرنے سے پہلے سکریننگ ٹیسٹ کو پاس کرنا ضروری قرار دیا گیا ہے تاکہ سنجیدہ امیدوار ہی آگے آ سکیں۔











