چھوٹے کاشتکاروں کو جدید فارمنگ کی طرف لایا جارہا ہے؛ چوہدری فواد حسین

16

اسلام آباد،27اکتوبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے بدھ کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ  وزارت نیشنل فوڈ سیکورٹی نے کابینہ کو زراعت کے شعبے میں جدت لانے اور اجارہ داری ختم کرنے کے لئے اقدامات پر بریفنگ دی۔ ان اقدامات میں ٹریکٹرز کی نئی اقسام متعارف کرانا، فارم مشینری، کاشتکاری کے آلات، زیادہ پیداوار والے بیج، ریسرچ ڈویلپمنٹ، گرائونڈ پوزیشننگ سسٹم کا استعمال شامل ہیں۔ بڑے کاشتکاروں اور فارم مشینری بنانے والی بڑی کمپنیوں کی اجارہ داری ختم کرنے کے لئے چھوٹے کسانوں کو سپورٹ پرائس اور سبسڈی دینے کے اقدامات لئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ چھوٹے کسانوں کو جدید مشینری سے لیس کیا جائے، انہیں جدید فارمنگ کی طرف لایا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ تین سال میں گندم کی امدادی قیمت میں 500 روپے فی من  اضافہ کیا گیا، ہم دنیا میں  گندم کے ساتویں بڑے پروڈیوسر ہیں، اس بار گنے اور مکئی کی بمپر پیداوار کی توقع ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ برس زرعی شعبہ میں 1100 ارب روپے منتقل ہوئے، اس بار بھی توقع ہے کہ ایک بڑی رقم زرعی شعبہ میں منتقل ہوگی۔