پاک افغان بارڈر پر کسٹمز اور ایف آئی اے کے مزید اہلکار تعینات کریں گے ،وزیر داخلہ شیخ رشید احمدکی پریس کانفرنس

19

اسلام آباد۔11اکتوبر  (اے پی پی):وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے پیر کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے  کہا ہے کہ پاک افغان بارڈر  پر کسٹمز اور ایف آئی اے کے مزید اہلکار تعینات کریں گے۔انہوں نے  کہا کہ کسٹمز ڈیپارٹمنٹ وزارت داخلہ کے ماتحت نہیں، ہمارا کام صرف ڈالر کی ذخیرہ  اندوزی کی تحقیقات ہے۔شیخ رشید نے کہا کہ ان این جی اوز کی فنڈنگ کے معاملات بھی دیکھ رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ حکومت کو سمری بھیج رہے ہیں کہ جن بارڈرز پر ایف آئی اے اور کسٹمز نہیں وہاں ان اداروں کے عملہ کی  تعیناتی کی جائے اور سہولت دی جائے، طورخم اور چمن باڈر پر کسٹمز عملہ موجود ہے۔ دیگر چار بارڈرز پر بھی ایف آئی اے اور کسٹمز حکام کا اضافہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان 20ہزار افغانوں کو سہولت دے چکے ہیں اگر مزید کے لئے کہا جائے تو ان کو بھی سہولت دیں گے۔وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ مذہب کی بنیاد پر کسی کو نہیں چھیڑیں گے اور نہ چھیڑنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان حساس دور سے گزر رہا ہے اپوزیشن کو بتانا چاہتا ہوں کہ اب احتیاط کی ضرورت ہے، پڑوسی ملک میں حال ہی میں تبدیل آئی ہے اگر پڑوسی ملک میں سکون ہوگا تو یہاں پر بھی سکون ہوگا۔