پنجاب کے تمام اضلاع میں کورونا ویکسین لگانے کی خصوصی مہم 12 نومبر تک جاری رہے گی

23

لاہور، 25اکتوبر(اے پی پی): وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر پنجاب کے تمام اضلاع میں شہریوں کو انکی دہلیز پر کورونا ویکسینیشن کی خصوصی مہم 12 نومبر تک جاری رہے گی۔

 خصوصی مہم کے بارے میں وزیرِ اعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ روزانہ تقریباً 10 لاکھ شہریوں کو ویکسین لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، اس وقت پنجاب کو کورونا کے باعث بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے اور پنجاب میں اب تک تقریباً 13 ہزار سے زائد افراد کورونا سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ  پنجاب کی معیشت کو تقریباً 650ارب روپے کا نقصان اٹھانا پڑا ہے، جانی و مالی نقصان سے بچنے کیلئے ویکسینیشن اور احتیاط ضروری ہے۔انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت نے شہریوں کی زندگیوں کے تحفظ کیلئے بڑے پیمانے پر ویکسینیشن مہم شروع کی ہے جبکہ شہریوں کو ان کے گھروں میں جا کر کورونا ویکسین لگائی جائے گی، ویکسی نیشن مہم کو کامیاب بنانے کیلئے صوبہ بھرمیں 14ہزارنئے ویکسی نیشن سنٹرزقائم کئے ہیں۔

 عثمان بزدار نے  کہا کہ شہریوں کو ان کی دہلیز پر ویکسیشنیشن کیلئے 18ہزار ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، خصوصی ٹیمیں ہر محلے اور گاؤں میں جا کرمفت ویکسین لگائیں گی۔ ضلعی انتظامیہ اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹیز اس مہم کو کامیاب بنانے کیلئے مشترکہ کاوشیں کریں گی۔ صوبائی وزراء،منتخب نمائندگان اور سماجی کارکنوں کو بھی مہم کی کامیابی کیلئے ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کورونا سے نجات کا واحد حل ویکسینیشن ہےاور عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ ویکسین لازمی لگوائیں۔